پسنی(صباح نیوز) حق دو تحریک کے قائد ،جماعت اسلامی بلوچستان کے صوبائی جنرل سیکرٹری مولاناہدایت الرحمان بلوچ نے کہاکہ مکران سمیت پورے بلوچستان کو منشیات کے ناسور سے پاک کریں گے منشیات اہل بلوچستان کا سب سے بڑامسئلہ ہے ماؤں بہنوں کے دس لاکھ جگر گوشے اس ناسور میں مبتلا ہوکر موت کے منہ میں جارہے ہیں ایک فردسے پوراخاندان متاثروپریشان اور تباہ ہوجاتاہے بدقسمتی سے یہ سب حکومت اور اداروں کی آشیر باد ملی بھگت سے ہورہاہے جب تک منشیات کے عادی افرادکو منشیات مل رہے ہیں کریک ڈاؤن ،کاروائیاں بے معنی ہیں بلوچستان بھر میں باآسانی منشیات مل رہے ہیں اس کے ذمہ دارکون ہیں؟ بلوچستان کو منشیات سے پاک کرنے والے ہماراساتھ دیں ۔انشاء االلہ حق دو تحریک اس جدوجہد میں نوجوانوں کے تعاون سے کامیاب ہوگی ہم منشیات فروشوں کو کسی صورت معاف نہیں کریں گے اگر حکومت اورانتظامیہ نے ساتھ نہیں دیا تو راشی ومنشیات فروشوں کا ساتھ دینے والوں کے خلاف بھی ہر فورم پرجدوجہد کریں گے۔انسانیت دشمن ،سب کی دنیاوآخرت تباہ کرنے والے درندے منشیات کا مکروہ کاروبارکر رہے ہیں ۔
ان خیالات کااظہارانہوں نے پسنی میں منشیات کے خلاف احتجاجی جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیاانہوں نے کہاکہ میں منشیات کے تدارک روک تھام ،منشیات فروشوں سے نجات ،منشیات کی وجہ سے تباہی وبربادی کے حوالے سے سب کو بلاتفریق رنگ ونسل اورزبان متحد ہونا ہوگا ۔ منشیات کے روک تھام کیلئے عملی اقدامات ناگزیرہے ۔منشیات کے عادی افراد کامنشیات سے روک تھام اوران کا بروقت علاج وقت کی اہم ضرور ت ہے۔منشیات فروشوں کے روک تھام کیلئے حکومت وقت کو عملی مخلصانہ اقدامات کرنا چاہیے منشیات فروشوں کا سوشل بائیکاٹ بھی کیاجائے ۔منشیات فروش گوادرڈویژن سمیت پورے سماج کیلئے ناسور زہر قاتل بن گیے ہیں منشیات فروش انسانیت کے دشمن ہیں ان دشمنوں کا سب ملکر مقابلہ کریں یہ ہمارے مستقبل کو دیمک کی طرح چاٹ رہے ہیں ان انسانیت دشمنوں کیلئے رعایت عوام وانسانیت دشمنی ہے ۔ حکومت وانتظامیہ منشیات فروشوں کے سامنے کمزوری نہ دکھائیں اور حکومت وانتظامیہ میں جو راشی وظلم کرپٹ آفیسرزان ظالموں کا ساتھ دے رہے ہیں یا ان کی سرپرستی کررہے ہیں حکومت وانتظامیہ کے اچھے باکردار لوگ ہم سب ملکر ان انسانیت دشمنوں کا جینا حرام کریں گے اگر حکومت وانتظامیہ نے اس حوالے سے ہمارا ساتھ نہیں دیا توہم مکران سمیت بلوچستان بھر میں بھر پورمہم وتحریک چلائیں گے #