موسمیاتی لحاظ سے موزوں بنیادی ڈھانچے کی تعمیر کے لئے ایشیا اور بحر الکاہل خطے میں سالانہ 1.7 ٹریلین ڈالر سرمایہ کاری کی ضرورت ہے،ایشیائی ترقیاتی بینک

اسلام آباد(صباح نیوز)ایشیائی ترقیاتی بینک نے کہا ہے کہ ماحولیاتی اور موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات سے نمٹنے اور موسمیاتی لحاظ سے موزوں بنیادی ڈھانچے کی تعمیر کے لئے ایشیا اور بحر الکاہل کے خطے میں سالانہ 1.7 ٹریلین ڈالر کی سرمایہ کاری کی ضرورت ہے۔ یہ بات ایشیائی ترقیاتی بینک کی جانب سے موسمیاتی لحاظ سے موزوں بنیادی ڈھانچے کی تعمیر کے حوالے سے ایک حالیہ رپورٹ میں کہی گئی ہے۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ایشیا اور بحرالکاہل خطے کے ممالک کی حکومتوں کو موسمیاتی لحاظ سے موزوں اقدامات کے لئے گورننس اور مالیاتی اصلاحات کا سلسلہ متعارف کراناہو گا۔

اس رپورٹ میں بتایا گیاکہ ایشیا اور بحر الکاہل کے خطے کے کئی ممالک شدید موسمیاتی اثرات کی لپیٹ میں ہیں، ان میں موسمیاتی لحاظ سے موزوں بنیادی ڈھانچے کی تعمیر کے لئے 2030 تک سالانہ 1.7 ٹریلین ڈالر کی سرمایہ کاری کی ضرورت ہے۔ رپورٹ میں بتایا گیا کہ خطے کے ترقی پذیرممالک میں موسمیاتی لحاظ سے موزوں بنیادی ڈھانچہ و اقدامات کا سالانہ تخمینہ 160 سے 340 ارب ڈالر ہے جبکہ 2030 سے لے کر 2050 تک ان ممالک میں موسمیاتی اخراجات 315 سے لے کر 565 ارب ڈالر سالانہ ہیں۔ رپورٹ میں موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کے لئے قابل اعتماد ڈیٹا کی اہمیت کو بھی اجاگر کیاگیا۔۔۔