بھارت میں بڑھتی ہوئی فسطائیت پرعالمی برادری کی خاموشی افسوسناک ہے،فہیم کیانی


لندن(صباح نیوز)تحریک کشمیر برطانیہ کے صدر راجہ فہیم کیانی نے بھارت میں نفرت کی بنیاد پر بڑھتے ہوئے جرائم پر عالمی برادری کی خاموشی پر افسوس ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت میں نفرت کی بنیاد پر جرائم ریاستی سرپرستی میں گروپوں کی طرف سے انسانیت کے خلاف جرائم کی بدترین مثال ہیں ۔

راجہ فہیم کیانی نے لندن سے جاری ایک بیان میں گزشتہ دنوں ریاست اتراکھنڈ کے شہر ہریدوار میں منعقدہ تین روزہ نام نہاد “دھرم سنسدمیں بھارت کو ایک ہندو راشٹر میں تبدیل کرنے کیلئے ہندوتوا گروپوں کی طرف سے مسلمانوں کی نسل کشی کا حوالہ دیتے ہوئے اقوام متحدہ اور اسلامی تعاون تنظیم پر زوردیا کہ وہ بھارت میں ظلم و بربریت کے خلاف سخت موقف اختیار کریں اورملک میں اقلیتوں خصوصا مسلمانوں نسل کشی بند کرائیں ۔

راجہ فہیم کیانی نے کہا کہ بھارت میں ہندوتوا انتہاپسند گروپوں کی طرف سے دن دیہاڑے مسلمانوں کے کی نسل کشی کا اعلان عالمی برادری کیلئے چشم کشا ہے۔ انہوں نے کہاکہ بھارت کو ہر اس شخص کیلئے مذبحہ خانے میں تبدیل کردیاگیاہے جو ہندو نہیں ہے ۔

انہوں نے کہاکہ بھارتی دارلحکومت نئی دلی میں ایک اورتقریب کے دوران ہندوتوا انتہاپسندوں نے نازی جرمنی کی طرزپر جتھے تشکیل دینے اوربھارت کومکمل طورپرایک ہندوراشٹر بنانے کا عزم ظاہر کیاہے ۔

انہوں نے کہاکہ ہندو انتہا پسندوں نے اس موقع پر اپنے مقصد کے حصول کیلئے لڑنے ، مرنے اور اگر ضرورت پڑی تو مار ڈالنے کے عزم کا بھی اعادہ کیا ۔

فہیم کیانی نے کہاکہ بھارت میں فاشزم کو ریاستی سرپرستی میں پروان چڑھایاجا رہا ہے تاہم عالمی برادری نے اس پر مجرمانہ خاموشی اختیار کر رکھی ہے ۔تحریک کشمیر برطانیہ کے صدر نے کہاکہ یہ 1940کا جرمنی نہیں بلکہ 2021ہے جس میں ہریدواربھارت میں مسلمانوں کی نسل کشی کا اعلان کیاگیا ہے۔