ریکٹر معصوم یاسین زی کو فلفور معطل کیا جائے، ہمیں کوئی انتہائی قدم پر مجبور نہ کیا جائے،ناظم اسلامی جمعیت طلباء اسلامی یونیورسٹی


اسلا م آباد(صباح نیوز)اسلامی یونیورسٹی میں پیش آنے والے واقعے، طالبعلم کے بیہمانہ قتل پر سینیٹ کی یونیورسٹی انتظامیہ کے خلاف آنے والی تحقیقاتی رپورٹ منظرعام پر آئی ہے ۔

اس حوالے سے ناظم اسلامی جمعیت طلباء اسلامی یونیورسٹی اسامہ امیر نے ایک پریس کانفرنس میں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ منصف کی کرسی پہ ملزم بیٹھا ہوا ہے جس سے انصاف کی توقع نہیں ہے ۔

رپورٹ نے یونیورسٹی کی بی او جی اور ریکٹر پر عدم اطمینان کا اظہار کیا اور رپورٹ کے وہ مندرجات جوکہ حقائق پر مبنی تھے دوبارہ بی او جی میں پیش کرنے کا حکم دیا۔ سینٹ کمیٹی نے یونیورسٹی انتظامیہ کو طفیل شہید کے ساتھ انصاف کرنے کے لئے مختلف احکامات جاری کیے ۔ اسلامی جمعیت طلبا اسلامی یونیورسٹی نے ریکٹر معصوم یاسین زی کی معطلی اور واقعے میں ملوث افراد کو کیفر کردار تک پہنچانے کا مطالبہ کیا۔

اسلامی جمعیت طلباء دین اسلام کی سربلندی کے لئے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی اور لسانی اور علاقائی عصبیت بھڑکانے والوں کا ہمیشہ راستہ روکے گی ۔ ریکٹر معصوم یاسین زی کو فلفور معطل کیا جائے اور ہمیں کوئی انتہائی قدم پر مجبور نہ کیا جائے ۔