ملاکنڈ ڈویژن کو ملک کے باقی علاقوں کے برابر آنے تک ہر قسم کے ٹیکسوں سے چھوٹ دی جائے۔پروفیسر محمد ابراہیم خان

پشاور(صباح نیوز)امیر جماعت اسلامی خیبرپختونخوا پروفیسر محمد ابراہیم خان نے 29 جولائی کو چکدرہ بائی پاس پر ملاکنڈ ڈویژن کی سطح پر بڑا جلسہ عام منعقد کرنے کا اعلان کردیا۔ جلسہ عام میں ملاکنڈ ڈویژن کے حقوق کے لئے تحریکِ حقوقِ ملاکنڈ ڈویژن کے نام سے تحریک کا آغاز کیا جائے گا۔ ملاکنڈ ڈویژن کو مزید دس سال تک ٹیکسوں سے استثنی دینے سمیت دیگر مطالبات کی منظوری کے لئے جلسہ میں تاجر برادری، ڈاکٹرز، وکلا برادری اور ٹرانسپورٹ کے نمائندوں سمیت ہر مکتبہ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد کو شرکت کی دعوت دی جائیگی۔

ان کا خیالات کا اظہار انہوں نے ملاکنڈ اور سوات میں جماعت اسلامی کے ضلعی ذمہ داران اور برادر تنظیمات کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں جماعت اسلامی ملاکنڈ کے امیر شہاب حسین، سیکرٹری جنرل رضوان اللہ، جماعت اسلامی سوات کے امیر حمید الحق، سیکرٹری جنرل حیدر علی اور دیگر ذمہ داران نے شرکت کی۔ اجلاس میں جلسہ عام کے حوالے سے تیاریوں کا جائزہ لیا گیا اور اہداف تقسیم کی گئیں۔ جلسہ عام کی تیاریوں کے حوالے سے رپورٹس کو حوصلہ افزا قرار دیا گیا۔ پروفیسر محمد ابراہیم خان نے مزید کہا کہ حکومت پاکستان نے ملاکنڈ ڈویژن کو پاکستان میں ضم کرنے کے موقع پر ایک معاہدہ کے تحت ملاکنڈ ڈویژن کو 100سالوں کے لئے ہر قسم کے ٹیکس کے نفاذ سے مستثنی قرار دیا تھا، تاہم اب حکومت ملاکنڈ ڈویژن میں ٹیکسوں کے نفاذ کے لیے پر تول رہی ہے۔ پی ڈی ایم حکومت کی جانب سے صرف ایک سال کے لئے ملاکنڈ ڈویژن کو ٹیکس سے مستثنی کا فیصلہ عوام کے ساتھ مذاق ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ ملاکنڈ ڈویژن کو ملک کے باقی علاقوں کے برابر آنے تک ہر قسم کے ٹیکسوں سے چھوٹ دی جائے۔