حکومت میں شامل مذہبی جماعتیں سودی نظام پر خاموش  کیوں ہیں ،سراج الحق


ڈیرہ اسماعیل خان  (صباح نیوز)امیر جماعت اسلامی پاکستان  سراج الحق نے کہا ہے کہ قرضوں کی  معیشت سودی نظام پر پی ڈی ایم ، پیپلز پارٹی اور پی ٹی آئی ایک پیج پر ہیں،حکومت میں شامل مذہبی جماعتیں بھی سودی نظام پر خاموش ہیں ، کرپشن ، مہنگائی ، بے روزگاری کا طوفان جاری ہے۔ حکمرانوں نے آئندہ نسلوں پر بھی قرضوں کا کوہ ہمالیہ لادھ دیا غلام اور بزدل حکمران ایک دفعہ بھی امریکہ سے ڈاکٹر عافیہ کی رہائی کی بات نہیں کرسکے،ہم جنس پرستی کا ٹرانس جنیڈر قانون بنانے میں تمام حکمران جماعتوں کی مرضی شامل تھی۔ کئی اسلامی ممالک نے سویڈن سے سفارتی تعلقات ختم کیے ، پاکستان کی حکومت نے احتجاجی جلسہ کردیا ، حکومتی اقدامات سے مطمئن نہیں ، سویڈن کے سفیر کو ملک بدر کیا جائے، سٹاک ہوم سے پاکستانی سفیر واپس بلایا جائے، او آئی سی سویڈن کا معاشی بائیکاٹ کرے ، اقوام متحدہ تکریم مذاہب کا قانون پاس کرے۔ جماعت اسلامی اسلام اور پاکستان پر کسی کمپرومائز کے لیے تیار نہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈیرہ اسماعیل خان میں ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی خیبر پختو نخواہ عبد الواسع ، امیر ضلع ڈیرہ اسمعیل خان محمد منتظر،نائب امیر جماعت اسلامی کے پی کے محبوب جانان ،اور اعجاز اعوان رہنما جماعت اسلامی ڈیرہ اسمعیل خان بھی موجود تھے۔

سراج الحق نے کہا کہ پی ٹی آئی کے خلاف عدم اعتماد کے موقع پر پی ڈی ایم اور پیپلز پارٹی کی جانب سے اتحاد کی پیشکش کے جواب میں واضح کیا تھا کہ جماعت اسلامی کسی ایسی حکومت یا تحریک کا حصہ نہیں بن سکتی جو ملک میں اسلامی نظام کے لیے نہ ہو۔ موجودہ اور سابقہ حکمران جماعتیں سٹیٹس کو کا تسلسل ہیں۔ ہمارا مقصد ملک کو قرآن کا نظام دینا ہے ، ہم عدالتوں میں اللہ کی کتاب کے مطابق فیصلے چاہتے ہیں۔ ملک پر مسلط ظالم جاگیرداراور کرپٹ سرمایہ دار عام فرد کی ترقی نہیں چاہتے ، ان کی وجہ سے آدھی آبادی غربت کی لکیر سے نیچے ہیں ، تین کروڑ بچے سکولوں سے باہر ہیں ، حکمرانوں کی جائیدادوں میں اضافہ ہورہا ہے ، عوام کو صاف پانی دستیاب نہیں۔ فرسودہ نظام اور اس کے پہرے دار برقرار رہے تو ملک میں کوئی تبدیلی نہیں آئے گی، پی ڈی ایم ، پیپلز پارٹی اور پی ٹی آئی کی آنیاں جانیاں لگی رہیں تو عوام خوشحال نہیں ہوں گے، قوم ووٹ کی طاقت سے اپنی تقدیر بدلے ، اہل اور ایماندار لوگوں پر اعتماد کیا جائے۔ جماعت اسلامی اقتدار میں آکر تعلیم، صحت ، تھانہ کچہری کے موجودہ فرسودہ نظام میں انقلابی تبدیلیاں لائے گی، وسائل کو عوام پر خرچ کریں گے، جن کے نام پانامہ لیکس اورپنڈورا پیپرز میں آئے وہ کرپشن ختم نہیں کرسکتے ، کرپشن فری جماعت صرف جماعت اسلامی ہے۔

امیر جماعت نے کہا کہ حکمران خاندان سات دہائیوں سے قوم کو دھوکہ دیتے آئے ہیں ، ان پر مزید اعتماد کرنا آنے والی نسلوں کو بھی استعمار کی غلامی میں دینے کے مترادف ہے۔ استحصالی نظام کا خاتمہ نہ ہوا تو ملک کو ناقابل تلافی نقصان پہنچے گا۔ قوم کی تقدیر اس کے اپنے ہاتھ میں ہے، سانپوں کو دودھ پلانا بند کرنا ہوگا، یہ اژدھے بن کر ملک کو ہی کھا جائیں گے۔ حقیقی جمہوریت کے لیے حقیقی جمہوری جماعت کوموقع دیا جائے۔ آنے والا الیکشن فیصلہ کن ہوگا ، عوام ظالموں اور لٹیروں کے کڑے احتساب کے لیے جماعت اسلامی سے تعاون کریں۔