اسلام آباد(صباح نیوز) سویڈن میں قرآن پاک کی بے حرمتی کے خلاف اسلام آباد میں تنظیم اسلامی پاکستان کے زیراہتمام ایک بڑی احتجاجی ریلی نکالی گئی اور بمقام آبپارہ چوک میں احتجاجی مظاہرہ ہوا۔مظاہرین نے بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جس پر سویڈن میں ہونے والے اس شرمناک اور افسوسناک واقعے کے خلاف نعرے درج تھے۔مظاہرے کی قیادت امیر تنظیم اسلامی ڈاکٹر ضمیر اختر نے کی۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ اس شر انگیز اور نفرت انگیز واقعے پر سویڈن حکومت امت مسلمہ سے فی الفور معافی مانگیں اور واقعے میں ملوث افراد کو سخت سے سخت سزا دیں تاکہ آئندہ کسی کو ایسی حرکت کرنے کی جرات نہ ہو سکے۔ اس اشتعال انگیز واقعے سے پونے دو ارب مسلمانوں کے دل چور چور ہیں بات کو آگے بڑھاتے ہوئے مقررین نے کہا کہ آزادی اظہار کی آڑ میں مذہبی منافرت پھیلانا اور مسلمانوں کے مقدس کتاب کی بے حرمتی کرنا کسی بھی طرح سے قابل قبول نہیں اور دنیا کا کوئی قانون اس کی اجازت نہیں دیا۔
انہوں نے سوال اٹھایا کہ کس طرح ایک ملعون شخص کو پولیس کی موجودگی میں قرآن پاک کی بے حرمتی کی جرات ہوئی مغربی ممالک میں حکومتی سر پرستی میں ہونے والے قرآن کریم کی بے حرمتی اور حضور ۖ کی شان میں گستاخی کے شرمناک واقعات کا تسلسل سے رونما ہونا مسلمانوں کے جذبات کو مشتعل کرنے کی ایک مذموم اور منظم کوشش ہے۔
مظاہرین نے حکومت پر زور دیا کہ محض قراردادیں پاس کرنے سے کام نہیں چلے گا اب وقت آ گیا ہے کہ ان جیسے نفر انگیز اقدامات کے خلاف بھر پور طریقے سے عملی اقدامات اٹھائے جائیں۔مظاہرین نے حکومت پر زور دیا کہ وہ فی الفور اس معاملے کو اقوام متحدہ اور او آئی سی سمیت تمام بین الاقوامی فورمز پر بھر پور طریقے سے اٹھائیں۔دوسری طرف حکومت فوری طور پر سویڈن کے سفیر کو ملک چھوڑنے کا حکم دیں۔مظاہرین نے عوام سے بھی اپیل کی کہ ان کے دین کا تقاضا ہے کہ اس شر انگیز واقعے کے خلاف زیادہ نہیں تو کم سے کم ایک ہفتے تک سویڈن کے مصنوعات کا بائیکاٹ کر کے اپنا احتجاج ریکارڈ کروائیں تاکہ پوری دنیا میں ایک متفقہ پیغام جائے کہ ہم اپنے دین کی خاطر کچھ بھی کرنے کو تیار ہیں۔
سویڈن میں قرآن پاک کی بے حرمتی کے خلاف بلیو ایریا میں تاجر برادری کا احتجاجی مظاہرہ
مرکزی تنظیم تاجران پاکستان کے صدر محمد کاشف چوہدری نے سویڈن کے سفیر کو فوری ملک بدر کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت صرف قرار داد منظور کرانے تک محدود نہ رہے کیونکہ قرارداد کی حیثیت کاغذ کے ٹکرے سے سوا کچھ نہیں ہمیں عملی اقدامات اٹھانے ہونگے ۔سویڈن حکومت کی ایما پر جس خبیث ،لعنتی اور ملعون شخص نے قرآن پاک کی بے حرمتی کی اس نے اربوں مسلمانوں کے سینے چھلنی کر دئیے ہیں اور ہمارے دلوں پر گہرا گھاو لگایا ہے آج جس طرح پورے ملک میں احتجاج کرکے مسلمانوں نے اپنے جذبات کا اظہار کیا ہے ان جذبات،احساسات اور مطالبات کو مد نظر رکھتے فوری سویڈن کے سفیر کو نکالا جائے اور اپنے سفارتی عملے کو واپس بلوایا جائے اور سویڈن کے ساتھ ہر طرح کے تعلقات کو ختم کیا جائے
ان خیالات کا اظہار انہوں نے بلیو ایریا میں تاجر برادری کے احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔سویڈن میں قرآن پاک کی بے حرمتی کے خلاف اس احتجاج میں صدر ٹریڈر ویلفئیر ایسوسی ایشن بلیو ایریا راجہ حسن اختر،مرکزی چئیرمین یوسف راجپوت،چئیرمین شیخ سلیم،راجہ حامد ،امین پیر زادہ ،ضیا احمد راجہ،کمپیوٹر ایسوسی ایشن کے صدر ابرار الحق و دیگر مرکزی تاجر قائدین نے شرکت کی ۔مرکزی تنظیم تاجران پاکستان کے صدر محمد کاشف چوہدری نے کہا آزادی اظہار رائے کے نام پر ایسے اقدامات اب برداشت سے باہر ہیں ہم نبی پاک حضرت محمد کی ناموس پر مر مٹنے کو تیار ہیں ہم اپنی گردنیں کٹوا لیں گے لیکن آئندہ ایسی ناپاک جسارت نہیں ہونے دیں گے۔مغرب اگر آزادی اظہار رائے کی بات کرتا ہے تو لوہو کاسٹ کے خلاف بولنے پر سخت سزائیں کیوں رکھی گئی ہیں پھر ہولو کاسٹ کے خلاف بھی بولنے کی یورپ میں اجازت دی جائے ۔
ان کا کہنا تھا کہ فریڈم آف سپیچ کے نام پر مسلمانوں کے جذبات سے کھیلا جاتا ہے لیکن اب ہم ایسا نہیں ہونے دیں گے ۔او آئی سی برائے نام کا ادارہ ہے اس ختم کرکے پاکستان کی سربراہی میں مسلم ممالک کا ایسا ادارہ بنایا جائے جو مسلم ممالک کا حقیقی نمائندہ ہو اور جہاں مسلمانوں پر ظلم و ستم ہو تو اس پر بھرپور کارروائی عمل میں لائی جا سکے اور ایسی ناپاک جسارت کرنے والوں کو نشانہ عبرت بنایا جا سکے جبکہ اقوام متحدہ کو بھی تمام مقدس کتابوں کے احترام کو یقینی بنانے کے لئے انٹرنینشل لیول پر قانون سازی کرنے چاہئے۔قبل ازیں غوری ٹاون میں بھی مرکزی تنظیم تاجران پاکستان کے زیر اہتمام احتجاج کیا گیا جس میں سو ل سوسائٹی،تاجروں سمیت عوام نے بھرپور شرکت کی اس موقع پر مرکزی تنظین تاجران پاکستان کے صدر محمد کاشف چوہدری،ضیا احمد راجہ و دیگر نے خطاب کیا اور سویڈن میں قرآن پاک کی بے حرمتی کی شدید مذمت کرتے ہوئے سویڈن سفیر کو ملک بدر کرنے کا مطالبہ کیا۔۔۔