تحریک انصاف کی حکومت نے صرف بحران د یئے ، مرتضیٰ وہاب


کراچی (صباح نیوز)ایڈمنسٹریٹر کراچی مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی حکومت نے صرف بحران د یئے ،پاکستان کے شہری مہنگائی کے بھنور میں پھنسے ہوئے ہیں۔

انہوں نے شاہ فیصل کالونی نمبر ایک میں مثالی پارک کا افتتاح کرنے کے بعد میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ ملیر میں پارکس اور گرین بیلٹ کا افتتاح کیا تھا اور اب شاہ فیصل کالونی میں بھی گرین بیلٹ بن گیا ، یہاں ہمارا کوئی منتخب نمائندہ نہیں لیکن پھر بھی تفریق خدمت کر رہے ہیں۔ ہم خدمت پر یقین رکھتے ہیں اور آگے بھی خدمت کرتے رہیں گے۔ بورڈ ٹینڈر کی بِڈ 6 جنوری کو کھلے گی اور کام شروع ہو جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ بلدیاتی ادارے اپنے بجٹ سے یہ ترقیاتی کام کرا رہے ہیں جبکہ 7، 8 اور 9 جنوری کو گولڈ فیسٹیول منانے جا رہے ہیں   ، فروری میں پھولوں کا فیسٹیول سجے گا۔ ہم ایک کروڑ نوکریاں اور 50 لاکھ گھروں کے وعدے کرنے والوں کی طرح مکر نہیں گئے ہیں۔

اس وقت پاکستان کے شہری مہنگائی کے بھنور میں پھنسے ہوئے ہیں۔ انہوںنے کہا کہ افراط زر میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے جبکہ ہم زرعی ملک ہیں اور اب کھاد کی کمی بھی سر اٹھا رہی ہے۔حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت نے صرف بحران دیے ہیں اور اخلاقیات کا بحران سب بحرانوں سے بڑا ہے۔