کراچی(صباح نیوز) امیر جماعت اسلامی سندھ محمد حسین محنتی نے کہا ہے کہ قرآن ایک انقلابی کتاب ہے جس کے نفاذ سے پوری دنیا میں امن وخوشحالی آئی، اب بھی بدامنی استحصال، لوٹ مار اور بے چینی کی صورتحال سے نکلنے کا واحد راستہ قرآن مجید کو ضابطہ حیات کی حیثیت دیکر اپنی زندگی ومعاشرے میں نافذ کیا جائے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلامک ریسرچ اکیڈمی میں منعقدہ 4روزہ ٹچرنگ کورس برائے قران وسنہ کے شرکاء سے اختتامی خطاب کے دوران کیا، جس میں کراچی تا کشمور سندھ بھر سے علماء ومدرسین شریک تھے۔
شرکاء سے جید علمائے کرام اور دینی اسکالرز نے خطاب کیا۔ صوبائی نائب امیر اظہار الحق کی زیرسرپرستی میں قائم ادارے کا مقصد صوبہ بھر میں قرآن وسنتہ کے مراکز قائم کئے جائیں گے جس میں لوگوں کو قرآنی عربی، تجوید،قرآن مجید کا ترجمہ وتفسیر سمیت دینی تعلیم کا اہتمام کیا جائے گا۔
صوبائی امیر نے مزید کہا کہ پاکستان قرآن وسنت کے نفاذ کیلئے قائم کیا گیا تھا اور اسی کے نفاذ سے ہی ترقی وخوشحالی آئے گی، جماعت اسلامی اپنے قیام کے روز اول سے ملک میں قرآن وسنت کی دعوت وتبلیغ کیلئے بھرپور جدوجہد کررہی ہے اسلئے اس طرح کے تعلیمی وتربیتی مراکز ملک بھر میں قائم ہے۔
انہوں نے شرکاء پر زور دیتے ہوئے کہا کہ آپ نے قربانی دیکر وقت نکال کر تعلیم وتربیت حاصل کی ہے اب آپ کو اپنے شہروں میں جاکر قرآن وسنت کے مراکز کے قیام کی کوشش کرنی چاہئے اور اپنی خدمات سے عوام کو قرانی تعلیمات سے روشناس کرانے کیلئے اپنا وقت وصلاحیتیں استعمال کریں تاکہ پاکستان میں قرآن وسنت کی نفاذ کی جدوجہد کا میابی سے ہمکنار ہوسکے۔