اسلام آباد(صباح نیوز)جماعت اسلامی کے سابق امیر وسابق چیئرمین پبلک اکاؤنٹس کمیٹی عبدالرشید ترابی نے کہاہے کہ 73برس گزرنے باوجود کشمیریوں کو حق خودارادیت نہ دلانا اقوام متحدہ کی ناکامی ہے،حق خو دارادیت کشمیریوں کا بنیادی ا ور پیدائشی حق ہے جس سے عالمی برادری نے تسلیم کررکھاہے،مسئلہ کشمیرکا پائیدار اور دیرپا حل اقوام متحدہ کی قراردادوںہی کے مطابق ممکن ہے،جنوبی ایشیا میں امن کی کنجی مسئلہ کشمیرکا حل ہے،مسئلہ کشمیر حل کیے بغیر جنوبی ایشیا میں امن قائم نہیں ہوسکتا،قابض بھارتی افواج اورآر ایس ایس کے غنڈے مقبوضہ کشمیرمیں مظالم کی انتہاکررہے ہیں،ہندوستان مقبوضہ کشمیرمیں جنگی جرائم کا مرتکب ہورہاہے عالمی برادری مداخلت کرے۔
ان خیالات اظہارانھوں نے تقریبات سے خطاب کرتے ہوئے کیا،انھوں نے کہاکہ مودی کے ظالمانہ اقدامات نے کشمیرکو آزاد کرانے کا موقع دے دیاہے،ہندوتوا سوچ کے حامل آرا یس ایس کے غنڈوں کی دستبرد سے عیسائیوں ،مسلمانوں سمیت کوئی بھی اقلیت باہر نہیں ہے،کشمیرکی آزادی ہندوستان کے اندر پسے ہوئے طبقات کی بھی آزادی کا عنوان بنے گی،پانچ فیصد براہمنوںنے ہندوستان کی ایک ارب آبادی کو یرغمال بنایاہواہے،اسلام آباد اور مظفرآباد کے حکمران اپنی ٹانگوںمیں جان ڈالیں تو جنوبی ایشیا کا نقشہ تبدیل ہوسکتاہے،وزیر اعظم پاکستان نے مودی کو ہٹلر اور نازی ازم کے ساتھ جوڑ کر جو حالات عالمی سطح پر پیدا کیے تھے ان سے کماحقہ استفادہ کیاجاتا تو آج مودی کٹہرے میں کھڑے ہوتے۔
عبدالرشید ترابی نے کہاکہ آزاد خطے میں نظام عدل قائم کیے بغیر ہمارے مسائل حل نہیںہوںگے،ہمارے اسلاف نے یہ خطہ عظیم قربانیاں دے کر اس لیے آزاد کرایاتھا کہ یہاں اللہ کا دیا ہوا نظام قائم ہو گا ہرایک کو انصاف ملے گا،مخلوق اپنی زندگیاں اللہ کے دیے ہوئے نظام کے اندر رہ کر بسر کریںگے،ہماری جدوجہد اسی مشن کی تکمیل کے لیے ہے ،آزاد کشمیر کے عوام کو ایک بار اسی طرح اٹھنا ہوگا جس طرح وہ 1947میںاٹھے تھے۔