آئی ایم ایف کے سامنے اسحاق ڈار کو گھٹنے ٹیکنے پڑے،شاہ محمود قریشی


لاہور(صباح نیوز)پاکستان تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ آئی ایم ایف کے سامنے وزیر خزانہ اسحاق ڈار کو گھٹنے ٹیکنے پڑے۔

لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت میں پیشی کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا کہ آج یا کل آئی ایم ایف کا پول کھلنے والا ہے۔ وزیر خزانہ اسحاق ڈار کو گھٹنے ٹیکنے پڑے، جو بجٹ پاس ہوا اس کو سب نے دیکھا ہے، پاکستان کا شہری پوچھ رہا ہے کیا میرے معاشی حالات کی کوئی بات کررہا ہے، تحریک انصاف کی کوشش ہے وہ مستقبل کی بات کرے، جیل سے جب سے رہا ہوا ہوں شخصیات پر بات نہیں کررہا۔

پاکستانی سیاسی قیادت کی دبئی میں موجودگی پر انہوں نے کہا کہ آج کل دبئی کی بیٹھک کے بڑے چرچے ہیں، وزارت عظمیٰ کے لئے بھاگ دوڑ کی جارہی ہے، بلاول بھٹو اور مریم نواز وزارت عظمیٰ کے لئے امیدوار ہیں۔

بھارتی الزامات کے حوالے سے شاہ محمود قریشی نے کہا کہ بھارت کے وزیراعظم کے بیان پر کسی نے اس کو جواب نہیں دیا، نریندر مودی کہتا ہے پاکستان اپنی موت آپ مررہا ہے، افسوس وزیراعظم پاکستان اس بیان پر خاموش ہیں۔

ادھر انسداد دہشت گردی عدالت لاہور نے جناح ہاؤس جلاؤگھیراؤسمیت تین مقدمات میں پاکستان تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی کی عبوری ضمانت میں7جولائی تک توسیع کردی۔

انسداد دہشت گردی عدالت لاہورمیں شاہ محمودقریشی کی عبوری درخواست ضمانت پرسماعت ہوئی۔

وکیل نے موقف اختیار کیا کہ شاہ محمود قریشی کو بے بنیاد مقدمات میں شامل کیا گیا، وہ اپنے خلاف مقدمات میں اپنی بے گناہی ثابت کرنے کیلئے تفتیش میں شامل ہونا چاہتے ہیں۔ ان کی ضمانت منظور کی جائے،عدالت نے مقدمات کا ریکارڈ طلب کرتے ہوئے عبوری ضمانت میں 7 جولائی تک توسیع کر دی۔

شاہ محمود قریشی کیخلاف تھانہ سرور روڈ، گلبرگ اور ریس کورس میں مقدمات درج ہیں۔