پاکستان اسلامی جمہوریہ ہوتا تو کبھی دو لخت نہ ہوتا، محمد غالب


برمنگھم(صباح نیوز)سید مودودی فاؤنڈیشن کے چیئرمین محمد غالب نے کہا ہے کہ بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح پاکستان کو ایک اسلامی جمہوری ملک بنانا چاہتے تھے اس کا واضح ثبوت یہ ہے کہ انہوں نے اپنی زندگی میں سید مودودی کو ریڈیو پاکستان سے اسلامی نظام پیش کرنے کی دعوت دی یہ ملک اسلامی جمہوریہ پاکستان، عدل اور انصاف ہوتا تو ملک دو لخت نہ ہوتا پاکستان دنیا کا ایک عظم ملک اوردنیا میں اس کا وقار ہوتا مسلمان ملکوں کی رہنمائی کرتا اورکشمیر بھی آزاد ہوتا

بانی پاکستان کی برسی کے سلسلے میں مختلف تقریبات سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بانی پاکستان کی رحلت کے بعد ملک سیاسی بحرانوں کا شکار رہا، جنرل ایوب، یحیٰ خان، ضیا الحق اور پرویز مشرف جیسے ڈکٹیٹروں نے ملک پر قبضہ کر لیا اور باری باری ڈکٹیٹروں کی پیداوار کرپٹ حکمرانوں کو ملک پر مسلط کیا جارہا ہے کرپشن سے پاک جمہوری جماعتوں کے راستے میں رکاوٹیں کھڑی کی جارہی ہیں تاکہ صاف اور شفات قیادت اقتدار میں نہ آئے ملک کو بھتہ خوروں کرپٹ اور بددیانت لوگوں کے حوالے کر رکھا ہے کہیں کسی بھی سطح پر کوئی انصاف نہیں ہے۔

محمد غالب نے کہا کہ اہل پاکستان کو کبھی روٹی کپڑا اور مکان اور کبھی ریاست مدینہ اور تبدیل کے نام پر دھوکہ دیا جارہا ہے ملک کی قسمت کے فیصلے جاگیر دار، وڈیرے اور ڈکٹیٹر کرتے ہیں ساری افسر شاہی ان کے رحم و کرم پر ہے عوام کو لوٹا جارہا ہے ہر طرف رشوت کا بازار گرم ہے کسی ادارے اور محکمے میں کوئی انصاف نہیں ملک لوٹ کر دولت بیرون ملک منتقل کر کے کاروبار کیے جارہے ہیں اور بیرون ملک پاکستان یوں کو کہا جاتا ہے کہ وہ پاکستان میں آکر سرمایہ کار ی کریں اور پاکستان میں کسی کو کوئی سیکورٹی اور قانونی تحفظ نہیں ہے رشوت کے بغیر کوئی کام نہیں ہوتا۔