مقبوضہ کشمیرمیں کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنماوں کے خلاف جعلی مقدمات میں چھاپوں اور گرفتاریوں کا سلسلہ تیز


سرینگر: مقبوضہ کشمیرمیں قابض انتظامیہ نے کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنماوں کے خلاف جعلی مقدمات میں چھاپوں اور گرفتاریوں کا سلسلہ تیزکردیا ہے

کے پی آئی کے مطابق کئی رہنماوں کے خلاف وارنٹ گرفتاری کے نوٹسز جاری کئے گئے ہیں ، جموں وکشمیر ماس موومنٹ کے چیف آرگنائزر عبدالرشید لون کے خلاف بھی ایک جعلی مقدمے میں وارنٹ گرفتاری جاری کئے گئے ہیں ،عبدالرشید لون کوپتھراو کے ایک جعلی مقدمے میں 19جون کو سرینگر کے فرسٹ مجسٹریٹ کی عدالت میں پیش ہونے کانوٹس جاری کیا گیا ہے

عبدالرشید لون کو کئی جعلی مقدمات میں آئے روز نوٹسز جاری کرکے مختلف عدالتوں میں پیش ہونا پڑتا ہے ، ماس موومنٹ کے ایک ترجما ن نے کشمیری رہنماوں کے خلاف جعلی مقدمات میں نوٹسزجاری ہونے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس طرح کے حربے اور ہتھکنڈے کشمیری عوام کی جدوجہد آزادی میں رکاوٹ نہیں بن سکتے ،ترجمان نے انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں سمیت عالمی برادری پر زور دیا ہے کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں بھارت کے ظالمانہ اورانسانیت سوز کارروائیوں کانوٹس لیں ۔