لاہور (صباح نیوز ) الخدمت فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام اسلامیہ کالج پشاور کے روز کیپل ہال میں الخدمت الفلاح سکالرشپ کے سالانہ کنونشن برائے2023 کا انعقاد کیا گیا۔ صدرالخدمت فاؤنڈیشن پاکستان پروفیسر ڈاکٹر حفیظ الرحمٰن تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔
اس موقع پرامیر جماعت اسلامی خیبر پختونخوا پروفیسر محمد ابراہیم خان، صدر الخدمت فاؤنڈیشن خیبر پختونخوا خالد وقاص، ریجنل مینجز ڈاکٹر شکیل احمد، جے آئی یوتھ کے صدر میاں صہیب الدین کاکاخیل، ڈائریکٹر الفلاح سکالر شپ پروگرام ڈاکٹر الیاس فاروقی، قائمقام ڈائریکٹر سٹڈی ایڈ فاؤنڈیشن اسد قریشی،سینیئر مینجر ایجوکیشن وحیداللہ، اور الفلاح سکالرشپ حاصل کرنے والے 200 سے زائد سکالرز نے شرکت کی۔
تقریب میں الخدمت فاؤنڈیشن کی فلاحی سرگرمیوں اور الخدمت الفلاح سکالرشپ کے آغاز اور کامیاب سفر پر مبنی ڈاکومینٹریز پیش کی گئیں۔ پروفیسر ڈاکٹر حفیظ الرحمٰن نے شرکاء سیخطاب کرتے ہوئے کہا کہ معیاری نظام تعلیم کسی بھی قوم کی ترقی میں ریڑھ کی ہڈی کی حثیت رکھتا ہے۔ تعلیم ہماری پہلی ترجیح ہونی چاہیئے،تعلیم ہی سے قومیں بنتی ہیں۔ انہوں نے سکالرشپ حاصل کرنے والے طلباء کو مبارکباد پیش کی اورکہا کہ وہ خوش قسمت ہیں کہ وہ الخدمت الفلاح سکالرشپ سکیم کا حصہ ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں اس وقت 44 لاکھ سے زائد بچے یتیم ہیں اوران میں آدھے سے زیادہ لاچار ہیں۔ ان کو تعلیم تک رسائی حاصل نہیں ہے۔ یہ بچے اپنا بچپن مزدوری کرنے میں صرف کررہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ الخدمت فاؤنڈٰیشن اس وقت 23 ہزار سے زائد یتیم بچوں کی کفالت کرہی ہے۔ پروفیسر محمد ابراہیم خان نے کہا کہ یہ ریاست کی ذمہ داری ہے کہ ملک کے لوگوں کو تعلیم،صحت اور انصاف مہیا کرے،تب ہی یہ ملک اصل معنوں میں ترقی کی راہ پر گامزن ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ الخدمت الفلاح سکالرز اس معاشرے اور ملک کا مستقبل ہیں اور ان کو معاشرے اور ملک کء ترقی میں اپنا بھرپور کردار ادا کارنا چاہیئے۔ سکالرز نے الخدمت کے اس خیر کے سفر کو آگے بڑھاناہے اور الخدمت کا خدمت خلق کے مشن کو مزید تقویت دینی ہے۔
خالد وقاص نے کنونشن کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ الفلاح سکالرشپ سے مسفید سکالرز پر بہت بڑی ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ مستقبل میں ان لوگوں کو سپورٹ کریں جو دادرسی کا انتظار کر ہیں۔ میاں صہیب الدین کاکاخیل نے کہا کہ الفلاح سکالرشپ سے فائدہ اٹھاتے ہوئے طلباء کو خوب محنت کرنی چاہیئے تاکہ وہ ملک وقوم کی خدمت کے ساتھ ساتھ ایک اچھا انسان بن کر دکھی انسانیت کی خدمت کرسکیں۔