ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی زاہد اکرم درانی کا سرائے نورنگ اور بنوں ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتالوں کا دورہ

بنوں+اسلام آباد (صباح نیوز)ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی زاہد اکرم درانی نے خلیفہ گلنواز اور سرائے نورنگ ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال بنوں کا دورہ کیا طوفانی بارش اور آندھی کی وجہ سے زخمی ہونے والے افراد کی عیادت اور ان کی خیریت دریافت کی۔

ڈپٹی اسپیکر نے ہسپتال میں کیے گئے انتظامات اور زخمی مریضوں کو دی جانے والی طبی امداد کا جائزہ لیا۔ ڈپٹی اسپیکر نے  متعلقہ حکام کو زخمیوں کی فوری طبی سہولیات کی فراہمی کے لیے ہر ممکن وسائل کو بروئے کار لانے کی ہدایت کی۔

اس موقع پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی زاہد اکرم درانی نے کہا ہے کہ بنوں اور لکی مروت میں طوفانی بارش سے ہونے والے جانی ومالی نقصانات کا ازالہ کیا جائے گا،طوفانی بارش کی وجہ سے شہید اور زخم ہونے والے افراد کے لیے مالی امدادی پیکج کا اعلان کرتے ہوئے بتایا کہ شہید ہونے والے افراد کے اہلخانہ کو 10 لاکھ، زخمیوں کو 3 لاکھ اور معمولی زخمیوں کو 50 ہزار روپے دیے جائیں گے۔

زاہد اکرم درانی نے کہا کہ  میں چیف سیکرٹری، این ڈی ایم اے اور دیگر متعلقہ حکام سے مسلسل رابطے میں ہوں، حکام بنوں اور لکی مروت کا دورہ کریں گے،طوفانی بارش سے ہونے والے نقصانات بہت زیادہ ہیں،حکومت نقصانات کا ہر ممکن ازالہ کرنے کی کوشش کرے گی۔