میرا کیا تعلق ہے جہانگیر ترین سے؟مجھ سے کوئی رابطہ نہیں کیا،اسد عمر


اسلام آباد (صباح نیوز)تحریک انصاف کے رہنما اسد عمر نے کہا ہے کہ جہانگیر ترین نے مجھ سے کوئی رابطہ نہیں کیا ۔

اسلام آباد کی ضلعی کچہری میں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کے دوران ایک صحافی نے اسد عمر سے سوال کیا کہ کیا آپ جہانگیر ترین کی پارٹی میں ہوں گے؟ جس پر انہوں نے یہ جواب دیاکہ میرا کیا تعلق ہے جہانگیر ترین سے۔

صحافی نے ان سے پوچھا کہ کیا جہانگیر ترین نے آپ سے کوئی رابطہ کیا ہے؟،صحافی کے سوال کا جواب دیتے ہوئے اسد عمر نے کہا کہ نہیں، ابھی جہانگیر ترین نے کوئی رابطہ نہیں کیا۔ اسد عمر نے کہا کہ فواد چوہدری مجھ سے وقتا فوقتا رابطے میں رہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جیل سے آئے 7سے 8دن ہوئے ہیں، عدالتوں کے چکر لگا رہا ہوں۔

ایک اور صحافی نے سوال کیا کہ فیصل واوڈا کس ایجنڈے پر ہیں؟۔جس کا جواب دیتے ہوئے اسد عمر نے کہا کہ یہ سوال فیصل واوڈا سے پوچھیں۔

قبل ازیں ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد نے تھانہ ترنول میں درج مقدمے میں تحریک انصاف کے رہنما اسد عمر کی عبوری ضمانت میں10جون تک توسیع کردی۔

ایڈیشنل سیشن جج طاہر عباس سِپرا نے اسد عمر کے خلاف تھانہ ترنول میں درج مقدمہ میں عبوری ضمانت کی سماعت کی۔کیس کی سماعت کے دوران ایسوسی ایٹ پراسیکیوٹر نے عدالت سے سماعت ملتوی کرنے کی استدعا کی تو وکیل اسد عمر نے کہا کہ میں چاہتا ہوں آج ہی اس کے دلائل مکمل کردوں۔

جج طاہرعباس سپرا نے کہا کہ پراسیکیوٹر تو آئے ہی نہیں، لہذا دلائل کے لئے اگلی تاریخ رکھ لیتے ہیں، پراسیکیوٹر والد کی وفات کے باعث عدالت میں پیش نہیں ہوئے۔عدالت نے اسد عمر کی عبوری ضمانت میں توسیع کرتے ہوئے سماعت 10جون تک ملتوی کردی۔