سرینگر:مقبوضہ کشمیر میں محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ آج اتوارسے28 دسمبرتک مغربی ہوائوں کا اثر کم ہونے جارہا ہے جس سے پہاڑی علاقوں میں درمیانہ کہیں کہیں بھاری برفباری ہوگی لیکن میدانی علاقوں میں ہلکی یا دو تین انچ برفباری ہونے کا امکان ہے
گذشتہ شب جموں وکشمیر کے کچھ ایک بالائی علاقوں میں ہلکی برف باری اور بارشیں ہوئیں جس سے لوگوں کو ٹھٹھرتی سردی سے قدرے راحت نصیب ہوئی ۔گذشتہ شام گلمرگ سمیت شمالی کشمیر اور خطہ چناب کے کچھ ایک علاقوں میں ہلکی برف باری ہوئی ۔
محکمہ موسمیات کے مطابق اتوار سے مغربی ہوائیں پھر وادی میں داخل ہوں گی لیکن ایسا نظر آرہا ہے کہ انکا اثر زیادہ نہیں رہے گا 27دسمبر کو پہاڑی علاقوں، زوجیلا، سونہ مرگ، دراس۔ گلمرگ یا شمس بھری پہاڑی سلسلے کے علاوہ پیر پنچال کے پہاڑی علاقوں میں درمیانہ درجے کی برفباری ہوسکتی ہے جبکہ وادی کے میدانی علاقوں میں بارشیں اور ہلکی ست درمیانہ درجے کی برف گر سکتی ہے ، بالائی علاقوں میں تھوڑی بہت بھاری لیکن میدانوں میں دو سے تین انچ برف گرنے کا امکان ہے
موسمیاتی سسٹم 10جنوری تک کسی خاص تبدیلی کی نشاندہی نہیں کررہا ہے۔ادھر شمالی کشمیر کے تینوں اضلاع بارہمولہ ، کپوارہ اور بانڈی پورہ میں دوران شب رک رک کر ہلکی بارشوںکا سلسلہ جاری رہا۔ صبح سرینگر سمیت ان تینوں اضلاع میں مطلع ابرآلودرہاجبکہ گلمرگ اور کپواڑہ کی پہاڑیوں پر ہلکی برف باری بھی ہوئی ۔ سرینگر لداخ شاہراہ دوسرے روز بھی گاڑیوں کی آمد ورفت کیلئے بند رہی ۔
گلمرگ میں تازہ برف جمع ہوئی تھی جبکہ افروٹ اور کنگڈوری میں دو سے تین انچ برف جمع ہوئی تھی ۔اننت ناگ میں بھی دن میں ہلکی بارش ہوئی ۔ جواہر ٹنل پر صبح 8بجے کے قریب ہلکی برف باری ہوئی ۔
ضلع کولگام کے بالائی علاقوں میں دن بھر رک رک کر ہلکی برف باری ہوتی رہی ۔ ڈوڈہ کے بالائی علاقوں میں بھی گذشتہ رات سے برف باری ہونے کی اطلاع ہے جبکہ دیگر میدانی علاقوں میں بارشیں ہوئیں ۔ کشتواڑ میںتازہ برف باری کے نتیجے میں سنتھن مرگن سڑک کو گاڑیوں کی آمد ورفت کیلئے بند کر دیا گیا ہے ۔پونچھ میں بھی ہلکی بارش ہونے کی اطلاعات ہیں