مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوجی دہشت گردی،مزید دو کشمیری نوجوانوں کو شہید کردیا


سرینگر:مقبوضہ کشمیر میں قابض بھارتی فوجیوں نے اپنی ریاستی دہشت گردی کی تازہ کارروائی کے دوران ضلع شوپیاں میں مزید دو کشمیری نوجوانوں کو شہید کردیاہے۔دو دن کے دوران شہید کشمیری نوجوانوں کی تعداد تین ہوگئی

کے پی آئی کے مطابق قابض بھارتی فوجیوں نے ہفتہ کوضلع شوپیاں کے علاقے چوگام کا محاصرہ کیا اور فوجی محاصرے اور تلاشی کی کارروائی کے دوران دو نوجوانوں کو شہید کیا گیا۔ بھارتی فوج نے علاقے کے تمام داخلی اور خارجی راستوں کی ناکہ بندی کی اور موبائل فو ن انٹرنیٹ سروس کو بند کردیا ہے ۔

آخری اطلاعات آنے تک علاقے میں تلاشی کارروائی جاری تھی۔ اس سے قبل گزشتہ روز بھارتی فوجیوں نے اپنی ریاستی دہشت گردی کی تازہ کارروائی کے دوران ضلع اسلام آباد کے علاقے آرونی میں محاصرے اور تلاشی کی کارروائی کے دوران ایک نوجوان کو شہید کیا تھا،جس کی شناخت شہزاد احمد سہہ ولد بشیر احمد سہہ ساکن سہہ پورہ کولگام ہوئی

بھارتی فوج نے دعوی کیا تھا مذکورہ نوجوان کا تعلق حزب المجاہدین سے تھا۔س طرح دو دن میں بھارتی فوج کے ہاتھوں تین کشمیری نوجوان شہید کئے گئے،علاقے میں بھی موبائل فون انٹرنیٹ سروس معطل رہی

علاوہ ازیں ضلع بڈگام میں قابض سیکورٹی فورسز نے تلاشی اور محاصرے کی بڑی کارروائی کی ہے۔ بھارتی فوج نے گذشتہ روز ضلع میں بیروہ کے مین بازار کا محاصرہ کرکے تلاشی کی کارروائی شروع کی۔

مقامی لوگوں نے میڈیا کو بتایا کہ فوجیوں نے گھر گھر تلاشی کی کارروائی کی اور لوگوں کے شناختی کارڈ چیک کئے، دو بے گناہ کشمیری نوجوانوں کو گرفتار کرلیا۔ پولیس نے عمران مجید ماگرے اور عاقب امین راتھر کو ضلع کے علاقے چاڈورہ سے گرفتار کیا۔ پولیس نے گرفتار کئے گئے نوجوانوں کو ایک مجاہد تنظیم سے وابستہ کارکن قرار دیا۔