پاکستان چین اوریواے ای کے ساتھ اپنے تعلقات کوقدرکی نگاہ سے دیکھتا ہے، وزیرخزانہ کی چین کی ناظم الامور اورمتحدہ عرب امارات کے سفیر سے گفتگو

اسلام آباد(صباح نیوز)وزیرخزانہ سینیٹرمحمداسحاق ڈارنے کہاہے کہ پاکستان کے عوامی جمہوریہ چین اورمتحدہ عرب امارات کے ساتھ قریبی دوستانہ اوربرادرانہ تعلقات قائم ہیں، پاکستان چین اوریواے ای کے ساتھ اپنے تعلقات کوقدرکی نگاہ سے دیکھتا ہے۔ وزیرخزانہ نے ان خیالات کااظہارجمعرات کویہاں پاکستان میں چینی سفارتخانہ کی قائم مقام ناظم الاموربا زونگ اورمتحدہ عرب امارات کے سفیر حماد عبید ابراہیم سلیمالزابی سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کہی۔

چین کی قائم مقام ناظم الامورسے ملاقات میں وزیر خزانہ نے پاکستان اور چین کے درمیان گہرے، دیرینہ اور دوطرفہ تعلقات پر روشنی ڈالی اور مختلف شعبوں میں چین کی حمایت اورمعاونت کو سراہا۔ انہوں نے چین کی قائمقام ناظم الامور کو ملک کی معاشی صورتحال اور آئی ایم ایف کے جاری پروگرام میں پیشرفت سے بھی آگاہ کیا۔ چین کی قائم مقام ناظم الامور نے دونوں ممالک کے درمیان مضبوط دو طرفہ تعلقات کاحوالہ دیتے ہوئے چینی حکومت کی جانب سے پاکستانی عوام کو معاشی اور سیاسی حوالہ سے مسلسل حمایت کا یقین دلایا۔وزیر خزانہ نے چین کی قائم مقام ناظم الامورکا پاکستان کے لئے چین کی حمایت اور تعاون پر شکریہ ادا کیا۔ متحدہ عرب امارات کے سفیرسے ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان گہرے برادرانہ تعلقات کے بارے میں بات گفتگو ہوئی،

فریقین نے متحدہ عرب امارات اور پاکستان کے درمیان تجارتی اور اقتصادی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لئے مشترکہ دلچسپی کے مختلف شعبوں پر تبادلہ خیال کیا۔وزیر خزانہ نے کہاکہ متحدہ عرب امارات توانائی، ریفائنری، پٹرولیم اور تجارت سمیت مختلف شعبوں میں پاکستان کا بہترین شراکت دار رہا ہے۔ متحدہ عرب امارات کے سفیر نے پاکستان کی معیشت کے مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کو بڑھانے کے لئے متحدہ عرب امارات کی حکومت کی دلچسپی کا بھی اظہار کیا۔وزیر خزانہ نے متحدہ عرب امارات کی پاکستان میں سرمایہ کاری کی تجاویز کو سراہتے ہوئے ان کا خیرمقدم کیا اور حکومت کی جانب سے انہیں مکمل تعاون اور تعاون کا یقین دلایا۔ وزیر خزانہ نے سفیر کیلئے نیک خواہشات اورتمنائوں کااظہاربھی کیا ۔