گرفتار تین کشمیری نوجوانوں کے لواحقین کا سری نگر میں احتجاجی مظاہرہ


سری نگر: شمالی کشمیر میں بھارتی فورسز کے ہاتھوں گرفتار تین کشمیری نوجوانوں کے لواحقین نے سری نگر میں احتجاجی مظاہرہ کیا ہے اور ان کی رہائی کا مطالبہ کیا ہے ۔

بھارتی  فورسز نے  بانڈی پورہ  میںارمیم گوجر ، عبدالباری اور محمد سلیمان گوجرکو رواں برس اکتوبر میں تھانے طلب کرنے کے بعد گرفتار کرلیا تھا۔ بعد ازاں ان پرکالا قانون پبلک سیفٹی ایکٹ لاگو کردیاگیاتھا۔ قید کشمیریوں کے اہلخانہ نے پریس انکلیو سرینگر میں احتجاجی مظاہرہ کیا اوروہ اپنے پیاروں کی رہائی کا مطالبہ کررہے تھے۔

احتجاج کے شرکا کا کہناتھا کہ ان کے رشتہ داروں کو بغیر کسی وجہ کے گرفتار کیاگیا ہے۔قید کشمیری محمد سلمان گوجر کی اہلیہ نے میڈیا کو بتایا کہ ان کے شوہر کو پولیس نے بلا جواز طورپرگرفتار کررکھا ہے۔

انہوں نے کہاکہ انہوں نے اس سلسلے میں پولیس سے رابطہ کیا ہے جنہوں نے اسے جلد رہائی کا یقین دلایا تھا ۔ تاہم ابھی تک سلمان کو رہا نہیں کیاگیا ہے ۔ احتجاج میں شامل دیگر خاندانوں کا کہنا تھا کہ ان کے پیاروں کو تاحال رہا نہیں کیا گیاہے۔ انہوں نے کہا کہ انہیں شدید مشکلات کا سامنا ہے لہذا ان کے پیاروں کو فوری رہا کیاجانا چاہیے ۔