کوئٹہ(صباح نیوز)وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف بلوچستان سے پاکستان مسلم لیگ (ن) کی قیادت نے ملاقات کی۔ پیر کو وزیر اعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیر اعظم کے ایک روزہ دورہ کوئٹہ کے موقع پر ان سے بلوچستان سے پاکستان مسلم لیگ (ن) کی قیادت نے ملاقات کی ہے ۔
ملاقات میں صوبے کی سیاسی صورتحال اور پارٹی کے امور پر گفتگو کرتے ہوئے وزیرِ اعظم شہباز شریف نے کہا کہ قائد میاں محمد نواز شریف کی طرف سے آپ سب پارٹی رہنماوں کو سلام اورسینئر نائب صدر مریم نواز، حمزہ شہباز اور پارٹی کی سینئر قیادت کی طرف سے بلوچستان کے مسلم لیگی ارکان کیلئے نیک تمنائیں پیش کرتے ہیں۔وزیرِ اعظم نے کہا کہ بلوچستان کی ترقی و خوشحالی حکومت کی اولین ترجیح ہے،اسی ایک ہفتے کے دوران یہ میرا بلوچستان کو دوسرا دورہ ہے،سیلاب کے دوران بلوچستان کے عوام کو ترجیحی بنیادوں پر مدد اور ان کی بحالی یقینی بنائی۔
انہوں نے کہا کہ با صالاحیت افرادی قوت کو یکساں ترقی کے مواقع اور روزگار کی فراہمی تک چین سے نہیں بیٹھوں گا،بلوچستان کے لوگوں کی محرومیوں کو دور کرنے کیلئے شبانہ روز محنت کر رہا ہوں۔ سیلاب کے دوران مسلم لیگ (ن)کے بلوچستان کے ارکان نے امدادی سرگرمیوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔سیلاب متاثرین کے دکھوں پر مرہم رکھنے پر مجھ سمیت پوری مرکزی قیادت آپ سب کی کوششوں کو خراجِ تحسین پیش کرتی ہے۔