کراچی ( صباح نیوز)امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے بلوچستان کے علاقے ژوب میں امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق کے قافلے پر بم حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ حملہ حکومت کی ناکامی ہے ، حکومت کی ذمہ داری ہے کہ تمام سیاسی قائدین اور شہریوں کی جان ومال کے تحفظ کو یقینی بنائے ،
حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ جماعت اسلامی ایک پُرامن جماعت ہے ، آئینی و قانونی اور جمہوری جدو جہد پر یقین رکھتی ہے ، ہم نے دہشت گردی کی ہمیشہ مذمت کی ہے اور بلوچستان کے مظلوم و محکوم عوام سمیت ملک بھر کے پسے ہوئے طبقات اور عوام کے حقوق کے لیے آواز اُٹھائی ہے ،
جماعت اسلامی حق دو گوادر کے قائد مولانا ہدایت الرحمن کی قیادت میں محنت کشوں کے حقوق کے حصول کے لیے جاری تحریک کی بھی حمایت کرتی ہے اور محترم سراج الحق بھی خود اس تحریک میں شریک ہیں ۔ سراج الحق صاحب موجودہ کشیدہ سیاسی صورتحال کے حوالے سے بھی ملک میں افہام و تفہیم کی کوششوں میں مصروف ہیں ۔#