مولانا ہدایت الرحمان بلوچ کی رہائی ،اہل بلوچستان ومظلوموں کی جیت ہے۔مولاناعبدالحق ہاشمی

کوئٹہ(صباح نیوز)امیر جماعت اسلامی بلوچستان مولاناعبدالحق ہاشمی نے کہاکہ مولانا ہدایت الرحمان بلوچ کی رہائی ،اہل بلوچستان ومظلوموں کی جیت ہے۔حق وسچ کا راستہ نہیں روکا جاسکتامولانابے گناہ ،جھوٹے مقدمات میں قید تھے مرکزی امیر سراج الحق کی قیادت میں جماعت اسلامی نے ملک بھر کی طرح بلوچستان میں بھی مولانا کی رہائی کیلئے بھر پور جدوجہد کی اور باشعور عوام ،وکلاء ،انسانیت سے محبت کرنے والوں نے بھی اس جدوجہد میں ہمارا ساتھ دیا سپریم کورٹ نے چار ماہ سے جرمِ بے گناہی جھوٹے مقدمات میں قید مولانا ہدایت الرحمان بلوچ کور ہا کر کے ایک بار پھر مظلوموں کی آوازکو توانائی بخشی انشاء اللہ مولانا پھر مظلوموں کی حقوق کیلئے جدوجہد کرتے ہوئے لاپتہ افراد کی بازیابی ، ظلم وجبر کے ،بھتہ خوری ودیگر مظالم کے خلاف جدوجہد شروع کریں گے گوادر سمیت بلوچستان بھر کے عوام کو جائز جمہوری حقوق کیلئے قانونی جدوجہد کریں گے تاکہ بلوچستان ترقی کریں ۔

ان خیالات کااظہارانہوں نے صوبائی دفتر میں اجلاس بعدازاں وفودسے ملاقات کے دوران گفتگومیں کیا انہوں نے کہاکہ جماعت اسلامی نے ہمیشہ بلوچستان کے حقوق کے حصول ترقی وخوشحالی کیلئے اور ظلم وجبر ،چیک پوسٹ ،بارڈراو رساحل پر لوٹ مار کے خلاف احتجاج کیا بلوچستان کے مظلوموں کو جماعت اسلامی حقوق دلائیگی ساحل ووسائل کی حفاظت کے نعروں ووعدوں پر ووٹ لینے والے اقتدارمیں آکر خاموش ہوئے جماعت اسلامی جو وعدہ کرتی ہے انشاء اللہ پوراکریگی ۔بلوچستان وسائل سے مالامال مگر لٹیرے حکمران اور مقتدر طبقات کی وجہ سے عوام دو وقت کے کھانے کو ترس رہے ہیں عوام کو پینے کا صاف پانی ،بجلی ،تعلیم اورصحت کی سہولیات میسر نہیں ۔کیا بلوچستان کے وسائل صرف حکمرانوں سرداردوں نوابوں اور مقتدر قوتوں کیلئے ہیں ؟بلوچستان کے وسائل بلوچستان کے پریشان حال عوام کی خراب حالت بہتر بنانے پر خرچ کرنے کی ضرورت ہے ۔

قومیت ومذہب کے نام پر باربار اقتدارمیں آنے والوں سے عوام مایوس ہوگئے ہیں یہ لوگ خود مالامال مگر عوام کو بدحال وپریشان کر دیے ہیں جب تک بدعنوانی لوٹ مار بھتہ خوری غنڈہ ٹیکس کا خاتمہ نہیں ہوگا بلوچستان کے عوام کو قانونی تجارت کے مواقع فراہم نہیں کیے جائیں گے چیک پوسٹوں ،بارڈر وساحل پر تضہیک وبھتہ خوری ختم نہیں اس وقت تک مثبت تبدیلی ممکن نہیں ۔نوجوان اچھے اچھے تعلیم یافتہ لوگوں کو پہاڑ وں کی طرف جانے ،بیرون ملک روزگار کی تلاش کیلئے مجبور کرنے والے یہی لٹیرے ہیں ۔جماعت اسلامی ظلم وجبر ،لاقانونیت کے خلاف مظلوم کے ساتھ ہیں #