راولاکوٹ(صباح نیوز) جماعت اسلامی آزادجموں وکشمیر کے امیر ڈاکٹر خالد محمود خان نے کہا ہے کہ اسلامی جمعیت طلبہ پاکستان کی نظریاتی اور جغرافیائی سرحدوں کی محافظ ہے اسلامی جمعیت طلبہ سے وابستہ نوجوان ملک کی ترقی میں اپنا کلیدی کردار ادا کررہے ہیں،پاکستان کو باکردار قیادت فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ نوجوانوں کے سیرت و کردار کی تعمیر میں اپنا کردار ادا کیا ،اسلامی جمعیت طلبہ محض ایک طلبہ تنظیم نہیں بلکہ یہ ادارے کی حیثیت سے نوجوانوں کے سیرت و کردار ،تطہیر افکار میںکردار ادا کررہی ہے ،تحریک آزادی کشمیر اور بیس کیمپ کے حقیقی کردار کی بحالی کے لیے جمعیت کی لازوال جدوجہد ہے اسلامی جمعیت طلبہ تحریک انقلاب کا ہر اول دستہ ہے۔
ان خیالات کااظہار انہوں نے اسلامی جمعیت طلبہ کے یوم تاسیس کے موقع پر اپنے پیغام میں کیا ،انہوں نے کہاکہ اسلامی جمعیت طلبہ کے سابقین پاکستان ،آزادکشمیر اور دنیا بھر میں نمایاں خدمات سر انجام دے رہے ہیں طلبہ مسائل کے حل اور تعلیمی اداروں میں مثبت سرگرمیوں کے فروغ اور علم دوست سرگرمیوں کا اہتمام سے نوجوانوں کی خوابیدہ صلاحیتوں کو اجاگر کرنے میں ادارے کی حیثیت رکھتی ہے۔
انہوں نے کہاکہ 74سال سے جمعیت اپنے نصب العین اور پروگرام کے مطابق آگے بڑھ رہی ہے ہرمشکل گھڑی میں طلبہ مسائل کے حل کے لیے قائدانہ کردار ادا کیا جو تاریخ کا حصہ ہے انہوں نے کہاکہ اسلامی جمعیت طلبہ کو یہ اعزاز بھی حاصل ہے کہ تحریک ختم نبوت ۖ جو ملک گیر تحریک چلائی جس کے نتیجے میں پارلیمنٹ نے متفقہ طور پر قادیانیوں کو غیر مسلم قرار دیا اس میں اسلامی جمعیت طلبہ کا کردار سب سے نمایاں تھا ۔