آئی پی ایس،کیپٹل یونیورسٹی کے مابین پالیسی تحقیق،مکالمے کے فروغ کے لیے معاہدہ


اسلام آباد (صباح نیوز)انسٹیٹیوٹ آف پالیسی اسٹڈیز(آئی پی ایس)اور کیپیٹل یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی(کسٹ)کے مابین پاکستان میں پالیسی سازی کے ماحول میں تحقیق، مکالمے، اشاعت اور دیگر علمی سرگرمیوں کے فروغ کے لیے طلبہ کی صلاحیتوں اور استعدادِ کار میں بہتری کے لیے رضاکارانہ سرگرمیوں کے مواقع فراہم کرنے اور ان کو عملی جامع پہنانے کے لیے ایک مفاہمتی یادداشت پر دستخط کے گئے۔

چئیرمین آئی پی ایس خالد رحمن اور کیپٹل یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد منصور احمد کا دستخط شدہ یہ تین سالہ قابلِ تجدید معاہدہ دونوں اداروں کے درمیان مشترکہ تحقیق اور اشاعت، اساتذہ، طلبہ اور پالیسی سازوں کے درمیان رابطوں کے فروغ، علمی وسائل کے اشتراک، مشترکہ سیمینار، کانفرنسوں، ورکشاپس اور ایسے دیگر سرگرمیوں کا انعقاد، اور تحقیقی نتائج اور تجزیوں کو متعلقہ اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ ساتھ وسیع تر سامعین تک پہنچانے کی راہ ہموار کرے گا۔

علاوہ ازیں ایک اور تکمیلی مفاہمت نامے کے ذریعے اس بات پر بھی اتفاق کیا گیا کہ کیپٹل یونیورسٹی کا رضاکارانہ سروس ڈائیریکٹوریٹ اس مقصد کے لیے ہر سیمیسٹر میں 15 طلبا کو آئی پی ایس میں رضاکارانہ خدمات کے لیے تفویض کرے گا تاکہ وہ نا صرف پیشہ ورانہ طور طریقوں کی سمجھ بوجھ حاصل کر سکیں بلکہ آگے چل کر مستقبل میں سماجی طور پر ذمہ دار شہری کا کردار بھی ادا کر سکیں۔

مفاہمتی یاداشت کی تقریب میں ڈاکٹر محمد صغیر، ڈائریکٹر، اسٹوڈنٹس افیئرز اینڈ ایچ او ڈی میتھمیٹکس، ڈپٹی ڈائریکٹر نعیم اللہ خان، کیپٹل یونیورسٹی کے رجسٹرار ارشد ملک، آئی پی ایس کے جی ایم آپریشنز نوفل شاہ رخ، اور منیجر تعلقات عامہ شفق سرفراز، اور وی آئی ایس کسٹ کی ٹیم بھی موجود تھی ۔