بھارتی فوج نے جنوبی اور شمالی کشمیر میں5 افراد کو گرفتار کر لیا


سری نگر:بھارتی فوج نے جنوبی اور شمالی کشمیر میں5 افراد کو گرفتار کر لیا ہے ۔ ضلع پلوامہ کے سانبورہ  علاقے سے تعلق رکھنے والے زبیر گل ، عادل فیاض گنائی اورباسط علی او رکونی بل پانپور کے شاہد نبی پنڈت کو گرفتارکیاہے۔

پولیس نے دعوی کیا ہے کہ گرفتارنوجوان مجاہدین کے لئے کام کرتے تھے اور ان کے خلاف پولیس اسٹیشن پامپور میں مقدمہ درج کیا گیا ہے جبکہ مزید تحقیقات شروع کردی گئی ہے۔ ا دھر ایک نوجوان فیصل احمد ڈار ولد مشتاق احمد  کو بارہ مولا سے گرفتار کر لیا گیا ۔دریں اثنانامعلوم مسلح افراد نے آج سرینگر کے علاقے صورہ میں بھارتی پولیس اور سینٹرل ریزرو پولیس فورس کی ایک مشترکہ پارٹی پر حملہ کیا تاہم حملے میں کسی جانی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ہے۔

بھارتی فورسزنے واقعے کے فورا بعدعلاقے کو محاصرے میں لیا اور حملہ آوروں کی تلاش شروع کر دی۔ بارہمولہ کے قصبے سوپور میں بھارتی فورسز  کی گاڑی  نے ذہنی طور پر معذورایک شخص 50 سالہ عبدالمجید نجار کو جان بوجھ کر ٹکر مار کر زخمی کر دیا۔ زخمی شخص اس وقت سب ڈویژنل اسپتال سوپور میں داخل ہے اور اس کی حالت مستحکم ہے