سری نگر:کرونا وائرس کی نئی قسم اومیکرون وائرس مقبوضہ کشمیر بھی پہنچ گیا ہے ۔جموں ڈویژن میں کرونا وائرس کی نئی قسم اومیکرون کے تین کیس سامنے آئے ہیں۔محکمہ صحت وطبی تعلیم نے ایک ٹویٹ میں کہا کہ جموں کے ایک علاقے سے اومیکرون کے تین کیسز کی تصدیق ہوئی ہے۔
ٹویٹ میں کہا گیا ہے کہ نمونے 30 نومبر کو جانچ کے لیے حاصل کئے گئے تھے۔ مقبوضہ جموں و کشمیر میں مسلسل 12ویں دن بھی کرونا وائرس سے ایک شخص فوت ہوگیا ہے۔ اس طرح کرونا وائرس سے جموں و کشمیر میں مرنے والوں کی مجموعی تعداد 4514ہوگئی ہے۔ اس دوران پچھلے 24گھنٹوں میں جموں و کشمیرمیں کرونا وائرس کی تشخیص کیلئے 46ہزار 173ٹیسٹ کئے گئے جن میں 3مسافروں سمیت مزید 104افراد کی رپورٹیں مثبت قراردی گئی ہیں۔ جموں و کشمیر میں کورونا وائرس سے متاثر ہونے والے افراد کی مجموعی تعداد 3لاکھ 40ہزار 36ہوگئی ہے۔ جموں و کشمیر میں مثبت قرار دئے گئے 104افراد میںجموں میں 26جبکہ کشمیر میں 78افرد متاثر ہوئے ہیں۔
کشمیر سے تعلق رکھنے والے سبھی 78افراد مقامی سطح پر رابطے میں آنے کی وجہ سے متاثر ہوئے ہیں۔ کشمیر میں متاثر ہونے والے 78افراد میں سے سب سے زیادہ سرینگر میں 40، بارہمولہ میں 4، پلوامہ میں 2، کپوارہ میں 15، اننت ناگ میں 3، بانڈی پورہ میں 4، گاندربل میں 9، کولگام میں 1جبکہ بڈگام اورشوپیان میں کسی کی رپورٹ مثبت نہیں آئی ہے