مظفر آباد(صباح نیوز) امیر حزب المجاہدین و چیئرمین متحدہ جہاد کونسل سید صلاح الدین احمد نے حزب آپریشنل چیف عبدالرشید شاردار المعروف غازی شہاب الدین ، ریاض احمد نائیکو عرف محمد بن قاسم ، اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر رفیع بٹ ، ضلع کمانڈر صدام پڈر ، کمانڈر محمد اشرف خان اور دیگر شہداء کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہدا جموں و کشمیر کا مقدس لہو ضائع نہیں ہوگا ، حق کامیاب ہوگا باطل قوتیں مٹ جائیں گی ، یہ اللہ کا وعدہ ہے۔
اِن خیالات کا اظہار امیر حزب المجاہدین و چیئرمین متحدہ جہاد کونسل سید صلاح الدین احمد نے حزب آپریشنل چیف عبدالرشید شاردار المعروف غازی شہاب الدین ، ریاض احمد نائیکو عرف محمد بن قاسم ، اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر رفیع بٹ ، ضلع کمانڈر صدام پڈر ، کمانڈر محمد اشرف خان اور دیگر شہدائے کرام کی یاد میں بلائی گئی ایک خصوصی تقریب میں خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انھوں نے عبدالرشید شاردار المعروف غازی شہاب الدین کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ وہ نہ صرف عسکری امور کے ماہر تھے بلکہ روحانی دنیا کے بھی شہسوار تھے۔ غازی شہاب الدین 6 مئی 2004 کو دشمن دین کے ہاتھوں شہادت سے سرفراز ہوکر حقیقی کامیابی سے ہمکنار ہوگئے۔
سید صلاح الدین احمد نے اپنے خطاب میں چیف آپریشنل کمانڈر ریاض احمد نائیکو اور ان کے ساتھی عادل احمد جو 6 مئی 2020 کو قابض فورسز کے ساتھ جاری رہنے والی طویل جھڑپ میں شہید ہوئے کو بھی زبردست خراج عقیدت ادا کیا اور کہا کہ شہید ہونے سے قبل ریاض احمد نائیکو 9 سال تک قابض فورسز کے خلاف میدانِ جہاد میں سرگرم رہے۔ اعلی تعلیم یافتہ ریاض نائیکو 33 سال کی عمر میں بندوق اٹھانے سے قبل ریاضی کے استاد بھی تھے۔امیر حزب نے ضلع کمانڈر شوپیان صدام پڈر شہید ، بلال مولوی شہید ، توصیف احمد شہید ، عادل احمد ملک شہید ، اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر محمد رفیع بٹ جنہوں نے 6 مئی 2018
کو دھرتی کی آزادی اور غلبہ اسلام کیلئے اپنا مقدس لہو نچھاور کیا ، اِس معرکہ حق و باطل میں 6 نوجوان بھی بھارتی فائرنگ سے شہید ہوئے تھے۔ امیر حزب المجاھدین سید صلاح الدین احمد نے آج ہی کے دن 6 مئی 2022 کو 2013 سے سرگرم کمانڈر محمد اشرف خان المعروف منصورالحق ، محمد روشن ضمیر تانترے اور محمد رفیق درنگے کو بھی زبردست خراج عقیدت اداکیا۔ حزب سربراہ نے کہا یہ مجاہدین کرام اسلام کے شیدائی اور سچے عاشق رسول ۖ تھے۔ قرآن پاک کو دستور حیات سمجھتے ہوئے اسلام کی سربلندی اور ریاست جموں و کشمیر کی آزادی کیلئے انتہائی صبر آزما جدوجہد کرتے رہے۔ تقریب کے آخر میں حزب سربراہ نے جملہ شہدا کی بلندی درجات کے لئے دعا کی اور اِس عزم کو دہرایا کہ حصولِ مقصد تک جدوجہد کو جاری رکھا جائیگا ۔۔