مدارس کے طلبہ کو کمپیوٹر لٹریسی سمیت عصری تعلیم بھی دینے کی ضرورت ہے،ڈاکٹر عارف علوی


اسلام آباد(صباح نیوز)صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ تعلیم کسی بھی ملک کی انسانی اور سماجی و اقتصادی ترقی کا ایک اہم جزو ہے، تعلیمی اداروں میں طلبا کی تعداد بڑھانے اور مدارس کے طلبا کو کمپیوٹر لٹریسی سمیت عصری تعلیم بھی دینے کی ضرورت ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نےٓآج یہاں ایوان صدر میں چیئرمین نیشنل کمیشن فار ہیومن ڈویلپمنٹ(این سی ایچ ڈی)کرنل(ر)ڈاکٹر امیر اللہ مروت سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہوں نے انہیں قومی کمیشن برائے انسانی ترقی کی سالانہ رپورٹ پیش کی۔ چیئرمین این سی ایچ ڈی نے صدر کو آگاہ کیا کہ کمیشن پرائمری تعلیم تک رسائی کو بہتر بنا رہا ہے، خواندگی کی مہارتیں فراہم کر رہا ہے اور کمیونٹی کی شرکت کو فروغ دینے کے علاوہ انتظامی صلاحیتوں کو فروغ دے رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کمیشن تین جہتی حکمت عملی یعنی یونیورسل پرائمری ایجوکیشن، ایکسلریٹڈ لرننگ پروگرام اور ایڈلٹ لٹریسی پروگرام اپنا کر خواندگی کو فروغ دے رہا ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ کمیشن ان بچوں کو تعلیم فراہم کر کے دینی تعلیمی اداروں کو مرکزی دھارے میں لانے کے لیے کوشاں ہے جو کبھی سکول نہیں گئے تھے یا چھوڑ چکے تھے۔

صدر مملکت نے انسانی ترقی کو فروغ دینے کے حوالے سے نیشنل کمیشن فار ہیومن ڈویلپمنٹ کی کارکردگی اور خدمات کو سراہا۔ انہوں نے احساس پروگرام اور قومی کمیشن برائے انسانی ترقی (این سی ایچ ڈی)کی جانب سے مستحق خاندانوں کی احساس وسیلہ تعلیم پروگرام کے تحت بچوں کو سکولوں میں داخل کرنے کی حوصلہ افزائی کے لئے تعاون کو بھی سراہا۔