اسلام آباد(صباح نیوز)پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نوازنے کہا ہے کہ عمران خان کے پاس ابھی بھی موقع ہے ،مستعفی ہوجائیں،کہتے تھے خیبرپختونخوا تحریک انصاف کاگڑھ ہے وہاں سے بھی بے عزتی ہوئی،عمران خان کی کارکردگی کو دنیا کی کوئی طاقت سپورٹ نہیں کرسکتی۔
اسلام آباد ہائیکورٹ میں پیشی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مریم نوازنے کہا کہ وہ بھی وقت تھا جو روزانہ کی بنیاد پر سماعت کی استدعاکرتاتھا آج التوا مانگ رہاہے۔پی ٹی آئی کی شکست پر تبصرہ کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان کو خیبرپختونخوا میں جیت پر مبارکباد پیش کرتی ہوں، خیبرپختونخوا بلدیاتی انتخابات کانتیجہ پی ٹی آئی کی ناقص کارکردگی ہے، ایک وقت آئے گا پی ٹی آئی سے کوئی ٹکٹ بھی نہیں مانگے گا،مشورہ ہے ،پی ٹی آئی کا ٹکٹ لینے والے ہیلمٹ پہن کے جائیں، پی ٹی آئی کا ٹکٹ رسوائی کا نشان ہے، پی ٹی آئی کو لاہور، خانیوال ،پشاور اور خیبرپختونخوا کے ہر ضلع سے شرمناک شکست ہوئی، پہلی حکومت ہے جوایک کے بعد ایک انتخاب ہار رہی ہے۔
مریم نواز نے کہا کہ عمران خان کے پاس ابھی بھی موقع ہے ،مستعفی ہوجائیں اور عوام کی جان چھوڑ دیں، جب تحریک انصاف کے ایم این ایز ہی ساتھ نہ دیں تو پارٹی جیت کیسے سکتی ہے؟ عمران خان کی کارکردگی کو دنیا کی کوئی طاقت سپورٹ نہیں کرسکتی، وہ اپنے بوجھ تلے خود دب گئے، ان کے لیے اب بچنے کا کوئی راستہ نہیں، عمران خان مان لیں ان سے حکومت نہیں چلتی، کہتے تھے خیبرپختونخوا تحریک انصاف کاگڑھ ہے وہاں سے بھی بے عزتی ہوئی، عمران خان پر اس سے بھی برا وقت آنے والا ہے۔
ن لیگ کی نائب صدر نے کہا کہ شہبازشریف پارٹی صدر ہیں لیکن وزیراعظم کے امیداوار کے فیصلے کااختیار نوازشریف کے پاس ہے، نوازشریف وطن واپسی کے لیے بے چین ہیں، مجھ سمیت ہم سب بھی چاہتے ہیں نوازشریف وطن آجائیں ، پاکستان نوازشریف کااپنا ملک ہے وہ ضرور آئیں گے۔ انہوںنے کہا کہ پرویز مشر ف کے لیے یہ سزا بڑی ہے کہ ان کوایک آمر کے طور پر یادکیاجاتاہے، پرویز مشر ف نے خود دیکھا کہ نوازشریف تیسری باروزیراعظم منتخب ہوئے حالانکہ پرویز مشر ف نے بھی کہاتھا کہ نوازشریف تاریخ بن چکے ہیں، مشرف آج پاکستان نہیں آ سکتے ان کا نام ونشان مٹ گیا۔
افغانستان پر بلائی گئی کانفرنس سے متعلق مریم نواز نے کہاکہ افغانستان کی بحالی پوری دنیا کی ذمہ داری ہے، افغانستان کے عوام کی بحالی کیلئے پوری دنیا کو ساتھ آنا پڑے گا۔ انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ کشمیر ہماری شہہ رگ ہے ، ہم ان کے ساتھ ہیں۔وزیرِ اعظم عمران خان کے خلاف دائر نا اہلی کی پٹیشن واپس لینے کی متفرق درخواست منظور کرتے ہوئے پٹیشن خارج کرنے سے متعلق ایک سوال کے جواب میں مریم نواز نے کہا کہ عمران خان کے ذاتی نوعیت کے کیس پر کچھ نہیں کہنا چاہتی۔
اسلام آباد ہائیکورٹ نے ایون فیلڈ ریفرنس میں سزا کیخلاف نائب صدر مسلم لیگ( ن) مریم نواز کی اپیل پر نیب کی جانب سے سماعت بغیر کارروائی ملتوی کرنے کی استدعا منظور کر لی۔
اسلام آباد ہائیکورٹ میں مریم نواز نے ایون فیلڈ ریفرنس میں سزا کے خلاف اپیل دائر کی، نیب نے مریم نواز کی اپیل پر سماعت بغیر کارروائی ملتوی کرنے کی استدعا کی۔ نیب پراسیکیوٹر نے درخواست میں موقف اختیار کیا کہ بخار ہے ، ڈاکٹر نے قرنطینہ کا مشورہ دیا ہے۔ اپیلوں پر سماعت آئندہ کسی بھی تاریخ تک ملتوی کی جائے۔فاضل عدالت نے نیب پراسکیوٹر کی درخواست منظور کر تے ہوئے سماعت18جنوری تک ملتوی کر دی۔