کوئٹہ (صباح نیوز) بلوچستان اسمبلی کے سابق اسپیکر میر ظہور حسین کھوسہ طویل علالت کے بعد انتقال کر گئے۔خاندانی ذرائع کے مطابق میر ظہور خان کھوسہ کی میت کراچی سے ان کے آبائی علاقے صحبت پور لائی جائے گی جبکہ تدفین میر حسن کھوسہ میں ہوگی۔
میر ظہور حسین کھوسہ کافی عرصہ سے پھیپڑوں کے کینسر میں مبتلا تھے،میر ظہور حسین کھوسہ کا انتقال کراچی کے نجی اسپتال میں ہوا۔بلوچستان اسمبلی کے سابق اسپیکر میر ظہور حسین کھوسہ کے سوگ میں صحبت پور، مانجھی پور، پہنور سنہڑی اورحیر دین مکمل بند ہیں۔یاد رہے کہ ظہور حسین سابق صوبائی وزیر رکن صوبائی اسمبلی میر سلیم خان کھوسہ، میر اظہار حسین کھوسہ کے چچا تھے۔قومی اسمبلی کے سپیکر راجہ پرویز اشرف اور ڈپٹی سپیکر زاہد اکرم درانی نے سابق سپیکر بلوچستان اسمبلی میر ظہور حسین کھوسہ کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
اپنے تعزیتی پیغام میں سپیکر اور ڈپٹی سپیکر نے مرحوم میر ظہور حسین کھوسہ کی سیاسی و سماجی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ مرحوم کھوسہ ایک مدبر سیاستدان تھے۔سپیکر اور ڈپٹی سپیکر نے مرحوم کے اہل خانہ سے دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالی مرحوم کے درجات بلند کرے اور سوگوار خاندان کو صبر جمیل عطا فرمائے ۔
وزیراعلی بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے بھی سابق سپیکر بلوچستان اسمبلی میر ظہور حسین کھوسہ کے انتقال پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ جاری بیان میں وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہاکہ مرحوم ایک سنجیدہ سیاستدان اور نفیس شخصیت کے مالک تھے۔مرحوم نے تمام عمر اصولوں کی سیاست کی۔وزیراعلء نے مرحوم کے لواحقین سے تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا اور دعا کی کہ اللہ تعالی مرحوم کی مغفرت فرمائے اور لواحقین کو صبر جمیل عطا کرے ۔۔