لکی مروت(صبا ح نیوز)ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی زاہد اکرم درانی نے جمعرات کے روز وفاقی وزیر مواصلات اسعد محمود کے ہمراہ لکی مروت میں سابق وفاقی وزیر برائے مذہبی امور مرحوم مفتی مولانا عبد الشکور کی رہائش گاہ کا دورہ کیا۔ڈپٹی اسپیکر زاہد اکرم درانی اور وفاقی وزیر مولانا اسعد محمود نے مفتی عبد الشکور کی روح کے ایصال ثواب کے لیے فاتحہ خوانی کی اور مرحوم کے درجات کی بلندی کے لیے دعا کی۔انہوں نے مرحوم مفتی عبد الشکور کے اہلخانہ سے تعزیت کا اظہار کیا۔
انہوں نے کہا کہ مفتی عبد الشکور کی وفات ہم سب کے لیے ناقابل تلافی نقصان اور عظیم صدمہ ہے جسے ہم کبھی بھول نا پائیں گے۔انہوں نے کہا کہ مفتی عبد الشکور کی ناگہانی وفات سے ہمارے دل رنجیدہ ہیں۔انہوں نے کہا غم اور دکھ کی اس مشکل گھڑی ہم غمزدہ خاندان کے دکھ اور غم میں برابر کے شریک ہیں۔انہوں مرحوم مفتی عبد الشکور کے اہلخانہ سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا۔
بعد ازاں ڈپٹی اسپیکر زاہد اکرم درانی اور مولانا اسعد محمود نے مرحوم مفتی عبد الشکور کے والد جو اعتقاف کی سعادت حاصل کرنے بیٹھے ہیں سے ملاقات کی اور ان سے ان کے بیٹے مرحوم مفتی عبد الشکور کی وفات پر دلی تعزیت کا اظہار کیا۔انہوں نے مفتی عبد الشکور کے بلندی درجات کے لیے دعا مانگی۔انہوں نے اللہ تعالی سے مرحوم کے درجات کی بلندی اور سوگوار خاندان کو اس ناقابل تلافی نقصان کو برداشت کرنے کے لیے صبر جمیل عطا فرمانے کی دعا کی۔