آزادکشمیر ہائیڈرل پاور میں خود کفیل ہے فیول ایڈجسٹمنٹ کے نام پر عوام کو لوٹا جانا حکومت کی نا اہلی ہے،ڈاکٹر خالد محمود خان


راولاکوٹ(صباح نیوز) جماعت اسلامی آزادجموں وکشمیر کے امیر ڈاکٹر خالد محمود خان نے کہا ہے کہ آزادکشمیر ہائیڈرل پاور میں خود کفیل ہے فیول ایڈجسٹمنٹ کے نام پر عوام کو لوٹا جانا حکومت کی نا اہلی ہے ،آزادکشمیر میں 25میگاواٹ سے زائد بجلی پیدا کی جارہی ہے جبکہ خطے کی ضرورت صرف 300میگاواٹ ہے محکمہ برقیات کی طرف سے حالیہ بلات میں فیول ایڈجسٹمنٹ کے نام پر جو ٹیکس لگا ہے اسے ہرگز قبو ل نہیں کریں گے ،جماعت اسلامی اس اہم ایشو پر عوام کے ساتھ ہے آزادکشمیر کی تمام جماعتیں اس پر آواز بلند کریں

ان خیالات کااظہار انہوں نے وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہاکہ آزادکشمیر قدرتی وسائل سے مالا مال ہے لیکن نا اہل قیادت کی وجہ سے یہ خطہ مسائلستان بن چکا ہے ،آزادکشمیر سے ہزاروں میگاواٹ بجلی ہائیڈرل سے پیدا کی جاسکتی ہے درجنوں پراجیکٹس زیر کارہیں پانی سے پیدا ہونے والی بجلی پر فیول ایڈجسٹمنٹ کے نام پر نیا ٹیکس قبول نہیں کریں گے بیس کیمپ کے عوام پر نئے ٹیکسز عائد کرنا ظلم ہے حکومت اپنی ذمہ داریاں ادا کرے۔