کوئٹہ(صباح نیوز) امیر جماعت اسلامی بلوچستان مولانا عبدالحق ہاشمی نے کہا ہے کہ مولاناہدایت الرحمان بلوچ کی رہائی کی سپریم کورٹ سمیت عوامی عدالت میں بھر پور جدوجہد کریں گے مولانا ہدایت الرحمان بلوچ کو ناکردہ گناہوں ،عوام کے حقو ق مانگنے کی سزادی جارہی ہے۔بلوچستان کے حقوق کیلئے ہر فورم پر جدوجہد جار ی رکھیں گے ۔وسائل سے مالا مال بلوچستان کو تباہ کرکے وسائل وعوام کولوٹنے والوں کے خلاف ہر فورم پر آوازبلند کریںگے ۔مولانا کی رہائی کی احتجاج میں وسعت وسختی لائیں گے ۔ ساحل پر ٹرالرزمافیاز، بارڈروچیک پوسٹوں پر بھتہ ولوٹ مارکر نے والوں کے خلاف ہم سب متحد ہیں ۔بلوچستان میں صحیح مردم شماری کیلئے وسائل فراہم کرتے ہوئے مزید ایک ماہ کی توسیع کی جائے ۔
ان خیالات کا اظہارانہوں نے حق دو بلوچستان مشاورتی کمیٹی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا اجلاس میں قائمقام جنرل سیکرٹری مرتضٰی خان کاکڑ،نائب امراء مولانا عبدالکبیر شاکر ،زاہدا ختر بلوچ ،ڈاکٹر عطاء الرحمان ،سید نورالحق ایڈوکیٹ ،سلطان محمد محنتی ، عبدالولی خان شاکرودیگر ذمہ داران نے شرکت کی اس موقع پر مولانا ہدایت الرحمان بلوچ پر جھوتے مقدمات ،قید وبند کے حوالے سے عدالتی امور ، احتجاجی تحریک کے حوالے سے مشاورت کی گئی ۔
مولانا عبدالحق ہاشمی نے کہاکہ بلوچستان کے حقوق کی جدوجہد کو مقتدرقوتوں نے ہمیشہ ملک دشمن ایجنڈابناکر دبانے کی کوشش کی جس کی وجہ سے حالات بدسے بدتر،نوجوانوں میں احساس محرومی وردعمل پید اہوا بدقسمتی سے جائز حقوق کیلئے قانونی جدوجہد کرنے والوں کی ہر آوازکوخاموش کرنے کیلئے انتشارسے تشددتک ہرحربہ استعمال کیا گیا ۔گوادر کے حالیہ آپریشن ،مولاناہدایت الرحمان بلوچ وکارکنان پہ درجنوں جھوٹے مقدمات ،سیندک کا سودا،غیراعلانیہ فوجی آپریشن اس کی مثالیں ہیں ان حالات میں جماعت اسلامی بلوچستان اورحق دوتحریک نے پرامن جمہوری جدوجہد شروع کیا اور اعلیٰ حکام باربار مذاکرات کے ذریع مطالبات تسلیم بھی کروائے لیکن انہی تسلیم شدہ مطالبات منوانے کیلئے مقتدرطبقات تیار نہیں ۔ہم انشاء اللہ مولانا پر جھوتے مقدمات کرنے،مولانا وساتھیوں کی رہائی کیلئے ہرقانونی طریقہ اپنائیں گے اور ہر سطح پر منظم،وسخت احتجاج بھی کریں گے ۔ بلوچستان کے حقوق کی راہ میں وفا ق وصوبائی حکومتوں کیساتھ مقتدرقوتیں بھی رکاوٹ ہیں ظلم لاقانونیت کے خلاف اور حقوق کے حصول کیلئے بلوچستان کے سیاسی قوتوں کو ایک پلیٹ فار م اخلاص ونیک نیتی سے متحد ہوناہوگا ۔الحمداللہ مولانا ہدایت الرحمان بلوچ کے موقف ، جدوجہد کی اکثر عوامی جماعتیں ،وکلاء وانسانیت سے محبت کرنے والی قوتیں تائید وحمایت کررہی ہیں