جموں وکشمیر میں انتخابات کا بے صبری سے انتظار کر رہے ہیں،ڈاکٹر فاروق عبداللہ


سری نگر:مقبوضہ کشمیر کے سابق  وزیر اعلی ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے کہا ہے کہ انتخابات جموں وکشمیر کے مستقبل کا فیصلہ کریں گے ۔ ہم اور جموں وکشمیر کے عوام انتخابات کا بے صبری سے انتظار کر رہے ہیں۔

فاروق عبداللہ اجمیر میں صحافیوں سے بات کر رہے تھے ۔   انہوں نے کہا کہ جموں وکشمیر  کے انتخابی نتائج جموں و کشمیر کی صورتحال بتا دیں گے ۔انتخابات میں کسی اتحاد کے سوال کے جواب میں فاروق عبداللہ نے کہا کہ ہم بی جے پی کے ساتھ نہ تھے اور نہ ہی رہیں گے ۔ انتخابات کے دوران اجتماعی طور پر حکمت عملی طے کی جائے گی تاکہ ریاست میں امن برقرار رکھا جاسکے ۔

انہوں نے کہا کہ کشمیر میں کیا صورتحال ہے سب جانتے ہیں۔ وہ وہاں کے خراب حالات کی طرف اشارہ کر رہے تھے ۔ فاروق عبداللہ نے بتایا کہ وہ نئی دہلی میں حد بندی کمیشن کی میٹنگ میں شرکت کریں گے ۔ وہاں سے جو کچھ سامنے آئے گا اس کی بنیاد پر اگلا لائحہ عمل طے کیا جائے گا۔

فاروق عبداللہ نے درگاہ میں اہل خانہ، دوستوں، کشمیر کے لوگوں کے ساتھ خوشحالی، امن، بھائی چارے اور کورونا وبا کے خاتمے کے لیے دعا کی۔