پوری دنیا افغان عوام کی مددکرے،شہباز شریف


لاہور (صباح نیوز)پاکستان مسلم لیگ (ن)کے صدر اورقومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف میاں محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ افغانستان کا معاملہ بڑاگھمبیر ہے ،افغانستان میں لوگوں کو ایک وقت کی روٹی اوردوائی کے لالے پڑے ہیں۔ افغانستان کی امداد کا معاملہ بڑا سنگین ہے، افغانستان میں لوگ بیروزگارہو چکے ہیں۔ پوری دنیا کا فرض بنتا ہے کہ افغان عوام کی امدادکرے۔

ان خیالات کااظہار شہباز شریف نے منی لانڈرنگ، رمضان شوگر ملز اور آشیانہ اقبال ہائوسنگ اسکینڈل کیسز میں لاہور کی احتساب عدالت میں پیشی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ افغانستا ن کا معاملہ بڑا گھمبیر ہے وہاں پر لوگوں کو ایک وقت کی روٹی کے لالے پڑے ہوئے ہیں ، دوائی نہیں ، وہاں پر خوراک نہیں ۔

افغانستان میں لوگ بیروزگار ہو چکے ہیں ، افغانستان کے عوام کی امداد کا معاملہ بڑ اسنگین ہے، نہ صرف عالم اسلام بلکہ پوری دنیا کا یہ فرض بنتا ہے کہ وہ افغان عوام کی اس وقت مدد کریں ، جتنی مدد کے وہ اس وقت مستحق ہیں شاید پہلے کبھی نہیں تھے۔ جبکہ حتساب عدالت نے تمام کیسز پر سماعت 10جنوری تک ملتوی کردی۔دوران سماعت منی لانڈرنگ ریفرنس میں عدالت نے شہباز شریف کے شریک ملزم علی احمدخان پر فرد جرم عائد کردی تاہم ملزم نے صحت جرم سے انکارکیا ہے۔

ملزم کی جانب سے صحت جرم سے انکار کے بعد آئندہ سماعت پر عدالت نے نیب گواہوں کو بیانات ریکارڈ کروانے کے لئے طلب کر لیا ہے۔ دوران سماعت نیب کی جانب سے پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف محمد حمزہ شہباز شریف کی جانب سے رمضان شوگر ملز کیس میں بریت کی درخواست پر جواب جمع کروادیا۔ عدالت نے فریقین کے وکلاء کو 10جنوری کو درخواست پر دلائل کے لئے طلب کر لیا ہے۔ جبکہ عدالت نے حمزہ شہبا زشریف کی ایک روزہ حاضری معافی کی درخواست منظور کر لی۔