انشاء اللہ مولانا ہدایت الرحمان بلوچ بہت جلد رہا ،گوادرمکران کے عوام کو حقوق مل جائیں گے، مولاناعبدالحق ہاشمی

کوئٹہ(صباح نیوز) امیرجماعت اسلامی بلوچستان مولاناعبدالحق ہاشمی نے کہاکہ مولانا ہدایت الرحمان بلوچ پچھلے تین سال سے مکران ڈویژن کے عوام کیساتھ ملکر حقوق کیلئے پرامن جمہوری حق دوتحریک چلارہاہے جس کی بدولت عوام کوحقوق بھی میسر آئے ہیں جماعت اسلامی ،الخدمت فاؤنڈیشن نے گوادرسمیت بلوچستان ہر موقع پر خدمت کی ۔ گوادرکے عوام نے بلدیاتی الیکشن میں مولانا ہدایت الرحمان بلوچ وحق دوتحریک پر بھر پور اعتماد کیا انشاء اللہ مولانا ہدایت الرحمان بلوچ بہت جلد رہا ،گوادرمکران کے عوام کو حقوق مل جائیں گے گوادر کے عوام اکیلے نہیں جماعت اسلامی اورپوری قوم ان کیساتھ ہے۔ بلوچستان کو نو گوایریاومنافع بخش کاروبار بنانے والوں نے سیکورٹی دینے کے نام پر حقوق چھین لیے ہیں مقتدر قوتوں کو بلوچستان میں حقوق کی جدوجہد کیوں زہر لگتی ہے ۔

اپنے بیان میں انہوں نے کہاکہ مولانا ہدایت الرحمان بلوچ ،منتخب کونسلرز،حق دوتحریک کے قائدین کوعوام نے حقوق کے حصول کیلئے آگے کرکے ان پراعتماد کیا ہے حکومت مقدمات ،مشکلات وپریشانیاں پیدا کرنے کے بجائے جمہوری طریقے سے ساتھ دیں۔ گوادر سی پیک ،ساحل ،ترقی وخوشحالی کا مرکز ہے مگراگر اس مرکز کے باسیوں کو بنیادی انسانیت حقوق میسر نہ ہو کاروبار،عزت کو تحفظ میسر نہ ہو ،مچھیروں کے مچھلی ٹرالر مافیاانڈوں بچوں سمیت بھتہ دیکر غائب کر رہے ہوں ۔بارڈرپر تاجروں وعوام کو بغیر رشوت وبھتہ کے قانونی طریقے سے بھی تجارت کی اجازت نہ ہو ۔چیک پوسٹوں پر تذلیل ہو توعوام میں لازمی ردعمل واحساس محرومی،عمل پیدا ہوگی ۔گوادر کی ترقی پورے پاکستان کی ترقی ہے بلوچستان کو ترقی دیکرہی پاکستان ترقی کر سکتاہے

مولانا ہدایت الرحمان بلوچ نے کوئی جرم نہیں کیا بلکہ مظلوموں کے حقوق کے حصول کیلئے آوازبلند کیا مولانا ہدایت الرحمان بلوچ وحق دوتحریک نہ سی پیک کے خلاف ہے نہ پاکستان کے خلاف ہے بلکہ جمہوری طریقے سے قانونی حقوق مانگنے والی عوام کی تحریک ہے ۔پرامن جمہوری دھرنے پر حکومت نے حملہ کرکے ظلم ونفرت میں اضافہ کر دیا حکومت ٹرالرزاوربارڈرزمافیازکو لگام دیں معصوم محب وطن حقوق مانگنے والوں کے خلاف طاقت کے استعما ل کے بجائے مافیازکے خلاف طاقت کا استعما ل کریں ۔مولانا ہدایت الرحمان بلوچ ودیگر قائدین کو فوری رہا ،قائدین وکارکنان پر جھوٹے مقدمات ختم ،تسلیم شدہ مطالبات مان کر سی پیک سٹی کے عوام کو بنیادی حقوق فراہم کیے جائیں ٹرالر مافیاز،بارڈرمافیاز،بھتہ خوروں سے نجات ،لاپتہ افراد کو فوری بازیاب کیے جائیں #