اسلام آباد(صباح نیوز)او آئی سی وزرائے خارجہ کونسل کے غیر معمولی اجلاس کے موقع پر کرغزستان کے نائب وزیر خارجہ ایبک آرتک بائف نے وفد کے ہمراہ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے ملاقات کی ،صدر کرغزستان کے نمائندہ خصوصی اواس بیک عطا خانوف بھی ان کے ہمراہ تھے۔
دوران ملاقات دو طرفہ تعلقات ،علاقائی صورتحال سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان جمہوریہ کرغزستان کے ساتھ اپنے قریبی برادرانہ تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے جو مشترکہ عقیدے، تاریخی اور ثقافتی رشتوں سے بندھے ہوئے ہیں۔ پاکستان، کرغستان کے ساتھ سیاسی، تجارتی اور سرمایہ کاری تعلقات کے فروغ ،اور عوام کی سطح پر روابط بڑھانے کا متمنی ہے،
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ہم اپنی کراچی اور گوادر کی بندرگاہوں کے ذریعے وسط ایشیائی ریاستوں کو سمندر تک مختصر اور آسان رسائی کی پیشکش کرتے ہیں۔ دونوں ممالک کے درمیان تجارتی تعلقات کے فروغ کیلئے، کاروباری وفود کے باقاعدہ تبادلے، تجارتی میلوں کے انعقاد اور تاجروں کے لیے سازگار ماحول کی تشکیل بہت ضروری ہے۔ وزیر خارجہ نے کرغستان کے نائب وزیر خارجہ سے پاکستانی شہریوں کیلئے سیاحتی اور وزٹ ویزوں کے اجرا پر عائد پابندیوں پر نظرثانی کا مطالبہ کیا،
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان مارچ 2022میں او آئی سی وزرائے خارجہ کونسل کے اڑتالیسویں اجلاس کی میزبانی کیلئے تیار ہے،یکے بعد دیگرے دو وزرائے خارجہ کونسل کے اجلاسوں کی میزبانی، مسلم امہ کیلئے پاکستان کی سنجیدہ سوچ کی ترجمانی کرتی ہے، شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان، او آئی سی کو مسلم امہ کی مستحکم آواز جانتے ہوئے، اسلامو فوبیا، امن و سلامتی اور دیرینہ تنازعات کے حل کیلئے او آئی سی کے موثر کردار کا متقاضی ہے،چالیس سال کی جنگ و جدل کے بعد افغانستان میں قیام امن کا موقع میسر آ رہا ہے،
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ افغانستان میں ابھرتے ہوئے انسانی بحران کے لیے فوری اقدامات نہ کیے گئے تو اس کے اثرات ہمسایہ ممالک، خطے اور دنیا بھر کیلئے مضر ہو سکتے ہیں، ہم مسئلہ کشمیر کے حوالے سے او آئی سی کی مسلسل اور غیر متزلزل حمایت پر او آئی سی کے شکر گزار ہیں،ستاون مسلم ممالک کی آواز کی حامل او آئی سی، اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر کے منصفانہ حل کیلئے موثر کردار ادا کر سکتی ہے، کرغزستان کے نائب وزیر خارجہ نے او آئی سی وزرائے خارجہ کونسل کے غیر معمولی اجلاس کی کامیاب میزبانی اور بہترین انتظامات پر وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کو مبارکباد دی۔