دنیا طالبان حکومت کو تسلیم کرے:افغان وزیر خارجہ امیر خان متقی


اسلام آباد(صباح نیوز) او آئی سی کے غیر معمولی اجلاس میں شرکت کے لئے پاکستان آنے والے افغانستان کے عبوری وزیر خارجہ امیر خان متقی نے کہا ہے کہ دنیا طالبان حکومت کو تسلیم کرے کیونکہ تسلیم کیا جانا ہماراکا حق ہے۔

اسلام آبادمیں اسلامی تعاون تنظیم(او آئی سی )کے وزرائے خارجہ کے غیر معمولی اجلاس کے لئے پاکستان میں موجود افغانستان کے عبوری وزیر خارجہ امیر خان متقی نے پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ افغان خواتین آزاد اور بااختیار ہیں،خواتین کے حقوق بارے ایک فرمان جاری کیا ہے، خواتین کو افغانستان میں کوئی مسئلہ نہیں ،بس میڈیا مشکلات کو اجاگر کرتا رہتا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہر ملک افغانستان کو اپنی نظر سے دیکھے ،افغانستان پرامن، حکومت مضبوط ہے ،دنیا کے لوگ وہاں آسکتے ہیں،وہاں آہستہ آہستہ تمام سفارتخانے کھل گئے ہیں اوردنیا افغانستان کو اب بھی قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔

قبل ازی مہاجرین کے عالمی دن کے موقع پرتقریب سے خطاب کرتے ہوئے افغان ڈپٹی وزیر خارجہ شیر محمد عباس ستانکزئی کا کہنا تھا کہ افغانستان کو معاشی بحران سے نکالنے کے لیے عالمی برادری کو آگے آنا چاہیے بصورت دیگر ایک اور مہاجرین کا بحران پیدا ہوسکتا ہے جو خطے اور پوری دنیا کے لیے سنگین بحران ثابت ہوگا۔

عباس ستانکزئی نے کہا کہ امریکا نے افغانستان کے فنڈز کو روک رکھا ہے،وقت آگیا ہے کہ وہ فنڈ جاری کیے جائیں تاکہ افغان حکومت معاشی مسائل سے نمٹ سکے۔