راولاکوٹ(صباح نیوز) جماعت اسلامی آزادجموں وکشمیر کے امیر ڈاکٹر خالد محمود خان نے کہا ہے کہ او آئی سی کے وزرائے خارجہ کے اجلاس میں کشمیر ایشو کو بھی شامل اور جاندار موقف جانا چاہیے ،دنیا کا امن مسئلہ کشمیر کے حل سے مشروط ہے ،ہندوستان بارود کے ڈھیر پر بیٹھ کر آگ سلگھا رہا ہے بی جے پی کی حکومت جنوبی ایشیا کے امن کے لیے خطرناک ہے دنیا کو آگے بڑھ کر انسانیت کو بچانے کے لیے اپنا کردار ادا کرنا ہو گا ،مقبوضہ جموں وکشمیر میں مائوں بہنوں اور بزرگوں کا بہنے والا خون او آئی سی کی توجہ کا متکاضی ہے ،ان خیالات کااظہار انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔
انہوں نے کہاکہ جس طرح افغانستان کے حوالے سے اجلاس منعقد کیا گیا اس میں کشمیر بارے متفقہ لائحہ عمل آنا چاہیے اور کشمیر پر خصوصی اجلاس بھی ہونا چاہیے 74سال سے کشمیری انسانیت سوز مظالم کا شکار ہیں ہندوستان بستیوں کی بستیاں تاراج کررہا ہے جعلی مقابلوں میں نوجوان کو ہدف بنا کر شہید کررہا ہے،تلاشی کے نام پر چادر اور چاردیواری کا تقدس پامال کرتے ہوئے کشمیریوں کا قیمتی سامان لوٹ لیا جاتا ہے درجہ حرارت منفی کے باوجود رات گئے بزرگ مردو خواتین کو کھلے آسمان تلے جمع کر کے ان کے گھروں کو مسمار کیا جارہا ہے کشمیری امت مسلمہ کا حصہ ہیں انہیں مسلمان ہونے کی سزاد ی جارہی ہے دنیا کو خاموشی کا روزہ توڑتے ہوئے بڑا انسانی المیہ رونماہونے سے قبل اپنا مطلوبہ کردار ادا کرنا چاہیے ۔