کوئٹہ(صباح نیوز)امیر جماعت اسلامی بلوچستان مولانا عبدالحق ہاشمی نے کہاکہ مولانا ہدایت الرحمان بلوچ ودیگر پرجھوٹے مقدمات، گرفتاری ،تین ماہ سے قیدکے خلاف جماعت اسلامی یکم مئی مئی سے گوادر میں دھرنا دیگی،ملک بھر میں احتجاج ہوگا بلوچستان کے امرائے اضلاع ضلعی ہیڈکوارٹرزمیں عید سے قبل پریس کانفرنس کے ذریعے اعلانات کرکے یکم مئی کو قافلوں کی صورت میں گوادر جانے کی تیاری کریں ۔مقتدرقوتوں کے منفی رویے ،عدالت کامولاناکوضمانت وانصاف سے محرومی ،حکومتی واسٹبلشمنٹ ،قومی جماعتوں اور قومی میڈیا کا مولانا کے قید ،ضمانت سے محرومی کے حوالے سے مجرمانہ خاموشی ٹھیک نہیں ۔جماعت اسلامی بلوچستان کے حقوق ،مولانا ہدایت الرحمان بلوچ کے حوالے سے کوئی سے کوئی سمجھوتہ نہیں کریگی۔
ان خیالات کا اظہارانہوں نے جماعت اسلامی بلوچستان کے ذمہ داران اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا اجلاس میں صوبائی نائب امراء مولانا عبدالکبیرشاکر ،زاہدا ختر بلوچ ،ڈاکٹرعطاء الرحمان ، قائمقام صوبائی جنرل سیکرٹری مرتضیٰ خان کاکڑ،ڈپٹی جنرل سیکرٹری مولانا خالدالرحمان شاہوانی ،جے آئی یوتھ کے صوبائی صدر نقیب اللہ اخوانی،صوبائی سیکرٹری اطلاعات عبدالولی خان شاکر شریک تھے اجلاس میں مرتضیٰ خان کاکڑ نے صوبائی تنظیمی ،ذمہ داران نے اپنے اپنے شعبہ جات کی رپورٹ پیش کی ۔اجلاس میں فیصلہ ہوا کہ مولانا ہدایت الرحمان بلوچ کی رہائی ،مقتدر قوتوں کی مولانا ہدایت الرحمان بلوچ کوتین ماہ سے قید میں رکھنے،جھوٹے مقدمات ،ضمانت کے قانونی حق سے وانصاف سے محروم کرنے کے خلاف ملک بھر میں احتجاج کیا جائیگا گوادرمیں بلوچستان دھرنا دیا گیا دھرنے میں بلوچستان کے تمام اضلاع سے قافلے شرکت کریں گے اس سلسلے میں مولانا عبدالحق ہاشمی نے امرائے اضلاع کو ہدایت کی کہ عید سے قبل اپنے اپنے مقام پر مولانا کی گرفتاری ،جھوٹے مقدمات اور قانونی حقوق سے محرومی کے خلاف پریس کانفرنس کرتے ہوئے یکم مئی گوادر دھرنے میں قافلوں کی شکل میںشرکت کا اعلان کریں ۔
مولانا عبدالحق ہاشمی نے کہاکہ مولانا ہدایت الرحمان بلوچ عوام کے دلوں میں رہتے ہیں مولاناہدایت الرحمان بلوچ ظلم وجبر کے خلاف اورمظلوم عوام کو حقوق دینے کی جدوجہدکیلئے بلوچستان کے مظلوم عوام کا ہیرو بن گیاان کی اس منصفانہ جدوجہد ،عوام میں پزیرائی مقتدر قوتوں کو پسند نہیں آئی جس کی وجہ سے اب وہ مولانا ہدایت الرحمان کو زیروبنانے ،ضمانت سے محرومی ،قید سے رہائی کے حوالے سے جج کو غیر حاضر وتبدیل کرکے مختلف بہانے بنارہے ہیں عوامی قوت وتائیدجمہوری طریقے سے قانونی حقوق حاصل کرنے کیلئے ان تمام ہتھکنڈوں کوناکام کیا جائیگا