حکومت واسٹبلشمنٹ کی جانب سے مولانا ہدایت الرحمان بلوچ پر جھوٹے الزامات غلط ثابت ہوں گے،مولانا عبدالحق ہاشمی

 کوئٹہ(صباح نیوز)امیر جماعت اسلامی بلوچستان مولانا عبدالحق ہاشمی نے کہاکہ حکومت واسٹبلشمنٹ کی جانب سے مولانا ہدایت الرحمان بلوچ پر جھوٹے الزامات غلط ثابت ہوں گے جھوٹے الزامات ،جھوٹے مقدمات ،قید وبند مولانا ہدایت الرحمان بلوچ کا راستہ نہیں روک سکتا۔مولانا ہدایت الرحمان بلوچ ایک فرد کا نام نہیں بلکہ حقوق کے حصول ،ظلم وجبر کے خاتمے کی جدوجہد کا نام ہے ۔مقتدرقوتوں کو مولانا ہدایت الرحمان بلوچ کو ہرصورت رہا ،جھوٹے مقدمات ختم اور مظلوم عوام کو حقوق دینا ہوں گے 3اپریل اے پی سی میں بلوچستان کے تمام سیاسی قوتیں شریک ہوکر ،ظلم وجبر کے خاتمے ، انصاف وحقوق کے حصول اورمستقبل کیلئے متفقہ راہ عمل ترتیب دیں گے۔

اپنے بیان میں انہوں نے کہاکہ جماعت اسلامی کا بلوچستان کے وسائل بلوچستان کے مظلوم عوام پرخرچ کرنے ،ساحل ،بارڈرز،چیک پوسٹوں پر بھاری رشوت ،بھتہ خوری جیبوں پر جانے کے بجائے قانونی طریقے سے تجارت وکاروبار کرنے اور قومی دولت قومی خزانے میں جانے کیلئے قانونی آئینی جدوجہد جاری رہے گی ۔مولانا ہدایت الرحمان اور ان کے ساتھیوں پر جھوٹے مقدمات بناکر تین ماہ سے قید کیے گیے ہیں ۔مقتدر قوتوں کی جانب سے باربار کوئٹہ گوادر منتقلی کے بعد اب کبھی جج غیر حاضر کبھی وکیل غیر حاضر اور کبھی اور بہانے کیے جاتے ہیں ۔ساراقانون ایک طرف صرف مولانا ہدایت الرحمان بلوچ کیلئے الگ قانون بنا یا گیا ہے ۔دیگر قاتلوں ،دہشت گردوں کیلئے ضمانتوں کے دروازے کھلے جبکہ مولانا ہدایت الرحمان بلوچ کو جرم بے بناہی کی سزادینے کیلئے جھوٹے مقدمات میں پھنسائے گیے ہیں ۔

مولانا ہدایت الرحمان بلوچ وساتھیوں کی ضمانتیں مسلسل خارج کرنا ، جج کو ٹرانسفر کرنا اور حق دوکے کونسلرزکی دوبارہ گرفتاری سوچھے سمجھے منصوبے کے تحت حالات کوخراب کرنے ،حق دو وجماعت اسلامی کے کارکنان کو تشددکی طرف دھکیلنے کی سازش ہے۔سازشی عنا صر ناکام ہوں گے اور جماعت اسلامی وحق دوتحریک کامیاب ہوگی ۔ کامیابی حق کی ہوگی قید وبند تحریک اور جدوجہد کے آگے رکاوٹ نہیں بن سکتے۔مقتدرقوتیںمولانا ہدایت الرحمان بلوچ کو نفرت ،انتشار ،تعصب ،ظلم ،ناانصافی ختم کرنے کیلئے فوری طور پر رہاکیا جائے ۔عدل وانصاف کے نظام کو بدنام کر دیا گیا ہے ۔عوام کا عدالت سے جو توقعات تھی وہ اس قسم کے نارواظالمانہ رکاوٹوں سازشوں کی وجہ سے خراب ہورہی ہے ۔انصاف،روزگار،عزت، تحفظ ،پانی ،گیس ،صحت وتعلیم کی سہولیات مانگنے والوں کو ریاست والے قید کررہے ہیں جبکہ دوسری جانب ظالموں، لٹیروں، قاتلوں،دہشت گردوں ،نجی جیلیں بنانے والوں کو پروٹوکول کیساتھ ضمانتیں دیکھ کر آزادکر رہے ہیں