الخدمت فاؤنڈیشن کے تحت بلوچستان کے سیلاب متاثرہ جعفرآباد میں 87 گھروں پر محیط ماڈل ویلج ”خدا کی بستی” کی تعمیر جاری

لاہور ( صباح نیوز ) الخدمت فاؤنڈیشن کے تحت بلوچستان کے سیلاب متاثرہ علاقے جعفرآباد میں 87  گھروں  پر محیط ماڈل ویلج ”خدا کی بستی  ”کی تعمیر جاری ہے۔ الخدمت تعمیرِ وطن پروگرام کے تحت سیلاب متاثرہ علاقوں میں 1 ارب 10 کروڑ روپے کی لاگت سے 5 ہزار سے زائد گھروں کی تعمیرومرمت کا منصوبہ کامیابی کے ساتھ جاری ہے۔ اسی سلسلے میں بلوچستان کے سیلاب متاثرہ  علاقے جعفرآباد میں 106 گھر تعمیر کیے جا رہے ہیں۔ جس میں 87 گھروں پر محیط خدا کی بستی کے نام سے ایک ماڈل ویلج بھی قائم کیا جا رہا ہے جس کی تعمیر کا عمل تیزی سے جاری ہے اورجلد اس بستی کی تعمیر مکمل کر کے سیلاب متاثرین کے حوالے کر دی جائے گی۔ جبکہ اب تک  ملک بھر کے سیلاب متاثرہ علاقوں میں ایک ہزار سے زائد گھروں کی تعمیر و مرمت کے بعد متاثرین کے حوالے کیے جا چکے ہیں۔

الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان کے صدر پروفیسر ڈاکٹر حفیظ الرحمن نے کہا کہ الخدمت فاؤنڈیشن انسانی خدمات کی فراہمی کے لیے پر عزم ہے اور سیلاب متاثرین کی مکمل بحالی تک خدمات کا سلسلہ جاری رہے گا۔ الخدمت فاؤنڈیشن کیتعمیرِ وطن پروگرام کے تحت مرحلہ وار جنوبی پنجاب، سندھ، بلوچستان، خیبرپختونخوا اور گلگت بلتستان میں بیگھر سیلاب متاثرین کو تعمیراتی سامان (جی آئی شیٹس، آئرن ٹی گارڈر، بلاک، اینٹیں وغیرہ)کی خریداری کے لئے رقم فراہم کی جارہی ہے۔ گھروں میں معاونت کے کام کی رپورٹنگ، مانیٹرنگ اور آڈٹ کیلیے متاثرین کو رقوم ان کے بینک اکاؤنٹس میں جمع کروائی گئی ہیں اور جن متاثرین کے بینک اکاؤنٹس موجود نہیں تھے، ان کے بینک اکاؤنٹس کھلوانے کا اہتمام بھی کیاگیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ  الخدمت متاثرین کو مکمل گھر بھی تعمیر کر کہ دے رہی ہے۔ الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان کے نائب صدر اعجاز اللہ خان نے بتایا کہ گھروں کی تعمیر و مرمت میں معاونت کیلیے متاثرہ علاقوں میں سروے کے بعد ترجیحاً بیوہ خواتین، معذور افراد، مزدور طبقہ اور چھوٹے زمینداروں کو شامل کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ عوام کی خدمت ہی الخدمت فاؤنڈیشن کا منشور ہے اور ہماری ٹیم اس نیک مقصد کے لیے دن رات کوشاں ہے۔