تنازعہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق حل کیا جائے،حریت کانفرنس


 سری نگر:کل جماعتی حریت کانفرنس نے اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل، ایمنسٹی انٹرنیشنل، ہیومن رائٹس واچ اور انٹرنیشنل کمیٹی آف ریڈ کراس پر زور دیا کہ وہ کشمیری نظر بندوںکی حالت زار کا نوٹس لیں اور تنازعہ کشمیر کے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق حل کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔

ترجمان  کل جماعتی حریت کانفرنس نے فرقہ پرست بھارتی جیل حکام کی طرف سے غیر قانونی طور پر نظر بند کشمیری حریت رہنماوں اور کارکنوں کے ساتھ روا رکھے گئے غیر انسانی سلوک کی مذمت کی ہے۔سرینگر میں جاری ایک بیان میں ترجمان نے کہا کہ کشمیری حریت رہنماوں اور کارکنوں کوجہنم نما بھارتی جیلوں میں طبی امداد اور معیاری غذا سمیت بنیادی سہولیات سے بھی محروم رکھا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ فسطائی بھارتی حکمرانوں نے برطانوی تسلط کی اپنی تاریخ سے کچھ نہیں سیکھا جب ان کے رہنما اور کارکن غیر ملکی قابضین سے آزادی کا مطالبہ کر رہے تھے جو نسبتا باوقار انسانوں کی طرح برتاو کرتے تھے۔

انہوں نے کہا کہ اگر انگریز بھارت کی طرف سے مقبوضہ جموں میں کیے جانے والے ظلم وجبر سے بھی کم ظلم کرتا تو بھارت آج بھی برطانوی غلامی میں ہوتا۔ترجمان نے کہا کہ بھارت مقبوضہ علاقے میں نسل کشی، ماورائے عدالت قتل، بلا جواز گرفتاریوں، جسمانی اور ذہنی تشدد، خواتین کی تذلیل و بے حرمتی اور رہائشی مکانات کی توڑ پھوڑ کی صورت میںبڑے پیمانے پر فوجی طاقت کا مظاہرہ کر رہا ہے لیکن کشمیری اس سب کا ثابت قدمی سے مقابلہ کر رہے ہیں۔ترجمان نے کہا کہ نظر بند رہنماں اور کارکنوں نے کشمیریوں کے جذبہ آزادی کی نمائندگی کرتے ہوئے بھارتی تسلط سے آزادی کے مقدس مقصد کے لیے اپنی جانیں اور عزتیں وقف کر دی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین مسرت عالم بٹ، نائب چیئرمین شبیر احمد شاہ، محمد یاسین ملک، ڈاکٹر جی ایم بٹ، امیر حمزہ، محمد یوسف میر، محمد یوسف فلاحی، ظہور بٹ، آسیہ اندرابی، فہمیدہ صوفی، ناہیدہ نسرین، ڈاکٹر شفیع شریعتی ، ڈاکٹر محمد قاسم فکتو، غلام قادر بٹ، نذیر احمد شیخ، شوکت احمد خان، مقصود احمد بٹ، محمد ایوب میر، محمد ایوب ڈار، خالد محمود پہلوان، محمود ٹوپی والا، مظفر احمد راتھر، جاوید احمد خان، محمد امین ڈار، آصف سلطان ، سلیمان شاہ، سہیل ڈار، مختار ظہور، ماجد حیدری، سجاد گل، سلیمان سیٹھ، جنید شفیق، حنا بشیر بیگ، آسیہ بانو، رسقیم اختر، طالبہ شیبا، انجمن یونس، تبسم مقبول، صائمہ اختر، شازیہ اختر، آسیہ اختر، نسیمہ بیگم نے جاری مزاحمتی تحریک کے لیے گراں قدر قربانیاں دی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ کشمیری عوام ضمیر کے ان قیدیوں کے ناقابل تسخیر عزم اور مضبوط عزم کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں جوبے رحم اور غیر انسانی بھارتی رویے کے باوجود آزادی کے اپنے مقدس مشن پر فخر محسوس کرتے ہیں۔