الزام دوسروں پر ڈالنے کا بیانیہ بری طرح پٹ چکا ہے،شیری رحمان


اسلام آباد(صباح نیوز)پاکستان پیپلز پارٹی کی نائب صدروسینیٹرشیری رحمان نے کہا ہے کہ الزام دوسروں پر ڈالنے کا بیانیہ اب بری طرح سے پٹ چکا ہے،عمران خان قرضے لے کر الزام دوسروں پرلگارہے ہیں ۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹرپربیان میں شیری رحمان نے کہا کہ وزیراعظم اپنی 3 سال کی تباہ کاریوں کا الزام بھٹو اور شریف خاندان پر لگا رہے ہیں۔ اپنی نااہلی کا الزام دوسروں پر ڈالنے کا بیانیہ اب بری طرح سے پٹ چکا ہے۔ آپ نے ملک کے مجموعی قرضوں میں 70 فیصد اضافہ کیا ہے۔3 سال میں 20.7 ٹریلین روپے کے قرضے لیکر آپ دوسروں پر الزام ڈال رہے۔

انہوں  نے مزید کہا کہ ہفتہ وار رپورٹ میں مہنگائی کی مجموعی شرح 19.49 فیصد ہو گئی ۔ کیا 3 سال میں ریکارڈ قرضے، مہنگائی، بیروزگاری اور بحرانوں کے ذمہ دار بھی موجودہ حکومت نہیں کوئی اور ہے؟ حکومت کب اپنی ذمہ داریاں قبول کرے گی؟  شاید ان کو ابھی تک احساس نہیں ہوا کہ یہ حکومت میں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کو لگتا ہے ان کے علاوہ سب سیاست میں کرپشن کرنے آئے ہیں لیکن ملک کی اکثریت سمجھتی ہے اس حکومت میں کرپشن میں اضافہ ہوا ہے۔ اس بار انتخابات میں لوگ آپ سے آپ کی کارکردگی کا پوچھیں گے۔ آپ دوسروں پر الزام لگا کر بری الذمہ نہیں ہو سکتے۔