کوئٹہ(صباح نیوز)کوئٹہ کی عدالت نے پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کے فوکل پرسن اور ان کے بھانجے حسان نیازی کی ضمانت منظور کر لی۔
کوئٹہ میں حسان نیازی کو جوڈیشل مجسٹریٹ 3 کی عدالت میں پیش کیا گیا، ان کے ہمراہ وکلا کی بڑی تعداد موجود تھی، دوران سماعت عدالت نے عمران خان کے فوکل پرسن حسان نیازی کی ایک لاکھ روپے کے مچلکوں کے عوض ضمانت منظور کر لی۔
یاد رہے کہ عمران خان کے بھانجے حسان نیازی ایک روزہ راہداری ریمانڈ پر کوئٹہ پولیس کے ہمراہ کوئٹہ پہنچے تھے۔کوئٹہ میں گزشتہ دنوں احتجاج کے دوران پی ٹی آئی کے گرفتار کارکنوں نے دوران تفتیش حسان نیازی کانام لیا تھا۔
ادھر راولپنڈی کی عدالت نے پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی پیشی کے موقع پر جوڈیشل کمپلیکس میں توڑ پھوڑ کے کیس میں پی ٹی آئی رہنما فیاض الحسن چوہان کی ضمانت منظور کر لی ۔
پی ٹی آئی رہنما فیاض الحسن چوہان اپنے وکیل کے ہمراہ عدالت میں پیش ہوئے۔ایڈیشنل سیشن جج راولپنڈی نے فیاض الحسن چوہان کی ضمانت منظور کی۔
واضح رہے کہ فیاض الحسن سمیت 200 کارکنوں کے خلاف دفعہ 144 کی خلاف ورزی پر مقدمہ درج کیا گیا تھا۔