الخدمت بنوقابل کے تحت تھائی لینڈ میں باکسنگ چیمپئن شپ میں گولڈ میڈل جیتنے والے نوجوانوں کے اعزاز میں تقریبِ

کراچی(صباح نیوز)الخدمت بنوقابل پروجیکٹ کے تحت عالمی شہرت یافتہ پاکستانی ایتھلٹس اور حال ہی میں تھائی لینڈ میں موئی تھائی ورلڈ کِک باکسنگ چیمپئن شپ کے مقابلے میں گولڈ میڈلز کا اعزاز حاصل کرنے والے نوجوان آغا کلیم ،محمد صابر اور کانسی تمغہ حاصل کرنے والے محمد نثار کے اعزاز میں جمعہ کو ادارہ نورحق میں تقریبِ ستائش کا اہتما م کیا گیا ۔الخدمت کی جانب سے کامیابی حاصل کرنے والے نوجوانوں کو مقابلے میں شرکت کے لیے ضروری سہولیات فراہم کی گئیں تھیں ۔مقابلے میں 40ممالک نے حصہ لیا۔

امیرجماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کراچی سے تعلق رکھنے والا آغا کلیم سمیت محمد صابر اور محمد نثار نے شاندار کامیابی حاصل کر کے پاکستان کا نام فخر سے بلند کیاہے ،ہم حکومت پاکستان سے مطالبہ کرتے ہیں کہ ان نوجوانوں کو سرکاری سطح پر ملازمتیں دی جائیں۔کراچی میں بے شمار ٹیلنٹ موجود ہے۔اگر اس کی سرکاری سطح پر سرپرستی کی جائے تو یہ ٹیلنٹ دنیا بھر میں پاکستان کا نام روشن کرسکتا ہے،بد قسمتی سے ان نوجوانون کو مقابلے میں شرکت کے لیے حکومتی سطح پر کوئی تعاون نہیں کیا گیا ،کراچی میں کارپوریٹ سیکٹر اور صنعت کاروں کو آگے بڑھنا چاہیئے اور نوجوان ٹیلنٹ کو سپورٹ فراہم کرنا چاہیئے،

یہ تینون نوجوان چیمپئن ہونے کے باوجود چائے کے ہوٹل میں کام سمیت دیگر ذرائع سے اپنے معاش کے لیے کوشش کرتے ہیں۔انہوں نے کہاکہ جماعت اسلامی کسی بھی حکومت میں شامل نہیں ہے اس کے باوجود ہم اسپورٹس کے لیے جو کرسکتے ہیں کریں گے۔جماعت اسلامی بنو قابل کے تحت اسپورٹس سے متعلق بھی کام کررہی ہے ان نوجوانوں کو ضروری سہولیات کی فراہمی انہی کوششوں کا حصہ ہے ۔تقریب سے آغا کلیم اللہ،محمد صابر اور محمد نثار کے علاوہ الخدمت کے قاضی صدر الدین ،

پاکستان موئی تھائی فیڈریشن کے صدر زاہد مغل، سید خلیق الرحمن ، فیڈریشن کے جنرل سکریٹری ،منیجر اورکوچ اقرار خان ، آغا کلیم کے والد نسیم احمد ودیگر نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ اس موقع پر جماعت اسلامی کراچی کے سکریٹری اطلاعات زاہد عسکری اور ضروری سہولیات کی عدم فراہمی کے باعث مقابلے میں شرکت سے نہ کرنے والے کھلاڑی شیر باز مری ،عبد الحنان ودیگر نے بھی موجود تھے ۔