اسلام آباد(صباح نیوز)ملک میں مہنگائی برقرار،ایک ہفتے کے دوران بیشتر اشیا ضروریہ کی قیمتوں میں اضافے کے ساتھ مہنگائی کا پارہ 19 فیصد کی سطح عبور کرگیا ہے۔
وفاقی ادارہ شماریات کی جانب سے جاری کردہ رپورٹ کے مطابق رواں ہفتے ماہانہ 17 ہزار تک کمانے والوں کیلئے مہنگائی 21 فیصد تک پہنچ گئی ،17اشیا کی قیمتوں میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا، ایک ہفتے کے دوران بجلی،دالیں،کیلے اورلکڑی مہنگی ہوگئی۔
ادارہ شماریات کی رپورٹ میں مزید بتایا گیا کہ رواں ہفتے بجلی کی فی یونٹ قیمت میں 7 پیسے کا اضافہ ہوا، ایک ہفتے کے دوران دال مسور کی فی کلو قیمت میں 7روپے 98 پیسے اضافہ ہوا،دال مسور کی فی کلو قیمت 194 سے بڑھ کر 202روپے 20 پیسے کی ہو گئی۔
رپورٹ کے مطابق گرم مصالحہ کی فی کلو قیمت میں 3روپے 17 پیسے اضافہ ہوا، رواں ہفتے لکڑی کی فی من قیمت میں 7روپے 12پیسے کا اضافہ ہوا جبکہ رواں ہفتے 15اشیا کی قیمتوں میں کمی بھی ہوئی۔اعدادوشمار کے مطابق ایک ہفتے کے دوران آلو 8 روپے 74پیسے فی کلو سستے ہوئے، رواں ہفتے برائلر مرغی کی فی کلو قیمت میں 12روپے 39 پیسے ، ٹماٹر کی فی کلو قیمت میں 10روپے 77 پیسے کی کمی ہوئی جبکہ تازہ دودھ ،دہی ،کوکنگ آئل سمیت 19 اشیا کی قیمتوں میں استحکام رہا