وزارت سائنس اینڈٹیکنالوجی آئندہ دوسالوں میں نجی شعبہ میں ایک لاکھ نوکریاں دے گی،شبلی فراز


اسلام آباد(صباح نیوز)وفاقی وزیر برائے سائنس اینڈ ٹیکنالوجی سینیٹر سید شبلی فراز نے کہا ہے کہ وزارت سائنس اینڈٹیکنالوجی آئندہ دوسالوں میں نجی شعبہ میں ایک لاکھ نوکریاں دے گی۔ آئندہ الیکشن میں ملک بھر میں چھ لاکھ الیکٹرانک ووٹنگ مشینیں درکار ہوں گی اور ایک اے وی ایم مشین کی ایوریج قیمت ایک لاکھ روپے ہے اور کل رقم 50ارب کے قریب بنے گی۔ گزشتہ انتخابات میں کاغذ پر27ارب روپے لاگت آئی تھی۔ ملک ایک دن میں، ایک سال یا دوسال میں نہ ترقی کر تا ہے نہ ہی زوال پذیر ہوتا ہے ۔ اس میں کوئی شک نہیں کہ ہم نے ملک کے اسٹرکچرل مسائل کبھی حل نہیں کئے، اس کی وجہ سے شاید ہوا یہی ہے کہ ہم دوبارہ اپنی غلطیوں کو دہراتے رہتے ہیں اور ماضی کی غلطیوں سے ہم نے کچھ نہیں سیکھا۔تین سالوں میں مہنگائی کی وجہ کرونا وبا تھی اتنی بڑی وباء کی جہ سے پیڑول،بجلی اور ڈالرکی قیمتوںمیں اضافہ ہوا۔

ان خیالات کااظہار شبلی فراز نے ایک نجی ٹی وی سے انٹرویو میں کیا۔ایک سوال کے جواب میں وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ ادارے، سپریم کورٹ آف پاکستان، اسٹیٹ بینک آف پاکستان، پارلیمنٹ وغیرہ ملک کو چلاتے ہیں کوئی اکیلا ملک کو نہیں چلا سکتا ، ملک کے معاشی حالات پچھلے 30,40سال اتار چڑھائو کا شکار رہے۔

انہوں نے کہا ہے کہ اگر ایکسچینج  ریٹ اوور ویلیو ہے تو یہ بھی بڑی بیماری ہے اوراگر اس کو زیادہ انڈر ویلیو کردیا گیا ہے تواس کے اپنے نقصانات ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم نے پہلی دفعہ ا سٹیٹ بینک کو آزاد کر دیا کہ ہم مداخلت نہیں کریں گے ،ہم نے مارکیٹ میں نہ ڈالر پھینکیں گیے اور نہ مارکیٹ سے ڈالر اٹھائیں گے ، جو کہ بدقسمتی سے ہوتا رہا ہے اس کو ہمیں قبول کرنا چاہیئے اور جب تک ہم غلطیوں کو تسلیم نہیں کریں گے ا س وقت تک ہم ان غلطیوں کو درست نہیںکرسکتے۔ہماری ایکسپورٹس بڑھی ہیں ۔

ایک سوال کے جواب میں شبلی فراز کا کہنا تھا کہ ہم اپنے غلطیوں کو نہیں مانتے چاہے وہ سیاسی لحاظ سے ہو ں یامعاشی لحاظ سے ہوں، ہمارے ملک کی معاشی صورتحال پہلے ہی سے کام نہیں کررہی۔ ہم نے صرف ٹیکسٹائل کو ہدف رکھا،1996میں ویتنام کی ایکپورٹس بھی آٹھ ارب ڈالرز کی تھیں اور ہماری بھی آٹھ ارب ڈالرز کی تھیں، ویتنام کی ایکسپورٹس اب210سے216ارب ڈالرز تک پہنچ گئی ہیں، ویتنام نے انجینئرنگ کی اشیاء بنانا شروع کیں اورہمارے ہاں ایسا نہیں ہوا۔

شبلی فراز کا کہنا تھا کہ گزشتہ انتخابات میں85ہزار پولنگ اسٹیشنز تھے اور اب ووٹر بڑھ گئے ہیں تو ہم سمجھتے ہیں ایک لاکھ پولنگ اسٹیشنز بن جائیں گے اوراس مقصد کے لئے ملک بھر میں چھ لاکھ الیکٹرانک ووٹنگ مشینیں درکار ہوں گی۔ ان کا کہنا تھا کہ ایک اے وی ایم مشین کی ایوریج قیمت ایک لاکھ روپے ہے اور کل رقم 50ارب کے قریب بنے گی۔