اسلام آباد(صباح نیوز) این سی او سی نے تعلیمی اداروں میں موسم سرما کی تعطیلات کو ری شیڈول کرتے ہوئے3 سے 9 جنوری کرنے کا اعلان کردیا۔
موسم سرما کی تعطیلات کے حوالے سے این سی او سی کا خصوصی اجلاس وفاقی وزیر اسد عمر کی زیر صدارت ہوا، اجلاس میں موسم سرما کی تعطیلات کو ری شیڈول کرنے کا معاملہ زیر غور آیا۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ شدید سردی اور دھند والے علاقوں کے علاوہ ملک بھر کے تعلیمی اداروں میں موسم سرما کی تعطیلات آئندہ سال 3جنوری دی جائیں گی، وفاقی تعلیمی اداروں میں 3 سے 9 جنوری تک چھٹیاں ہوں گی، جب کہ دھند والے علاقوں میں چھٹیوں کا فیصلہ صوبائی حکومتیں خود کریں گی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اسلام آباد میں عملی طور پر یکم سے چھٹیاں شروع ہوجائیں گی۔این سی او سی کا کہنا تھا کہ نیا ویریئنٹ اومی کرون تیزی سے دنیا میں پھیل رہا ہے، اسی تناظر میں موسم سرما کی تعطیلات کو ری شیڈول کیا گیا ہے۔ تعطیلات ری شیڈول کرنے کا مقصد زیادہ سے زیادہ طلبا و طالبات کو کووڈ ویکسین لگانا ہے، اسکول کھلے رکھنے سے لاکھوں اسٹوڈنٹس کووڈ ویکسین سے مستفید ہو سکیں گے، والدین اپنے بچوں کو جلد از جلد کووڈ سے بچاؤ کی ویکسین لگوائیں۔